ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا اعلان

وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا اعلان کردیا گیا، ہفتہ عشق رسولﷺ12 سے 18 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اورخاکوں کے معاملہ پر وزیر مذہبی امور کی طرف سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا اور انہوں نے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی، جب کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق دیگر صوبے بھی ہفتہ عشق رسولﷺمنائیں گے۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے آپ ﷺ کی شان میں گستاخی اور خاکوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعظم عمران خان گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر مسلم حکمرانوں کو خطوط بھی لکھیں گے، تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط تحریر کیے جائیں گے، جن میں مسلم ممالک کو گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کی جائے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے فیس بک پر اسلام مخالف مواد پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا، انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا مواد نفرت، انتہاء پسندی اور پرتشدد واقعات کو فروغ دے رہا ہے، فیس بک پر ہولوکاسٹ پر تنقید کرنے پر پابندی قابل تعریف ہے، ہولوکاسٹ کی طرح اسلاموفویبا مواد پر بھی پابندی عائد کی جائے ، وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک پر اسلامو فوبیا مواد کو روکنے کےلیے چیف ایگزیکٹوآفیسر فیس بک مسٹر مارک زوکر برگ کو خط ارسال کیا، جس کے متن میں وزیراعظم عمران خان نے فیس بک سی ای او کی اسلام کے خلاف توہین آمیز مواد کی جانب توجہ مبذول کروائی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فورمز بشمول فیس بک پر اسلامو فوبیا مواد کو پوری دنیا میں پھیلایا جارہا ہے، جس سے نفرت، انتہاء پسندی اور پرتشدد واقعات کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے، فیس بک کی جانب سے ہولوکاسٹ جو جرمنی اور یورپ میں یہودیوں کے نازی پوگرم کی انتہاء تھی لیکن فیس بک نے ہولوکاسٹ سے متعلق سوال اٹھانے اور تنقید مواد شائع کرنے پر پابندی عائد کردی تھی، فیس بک کا یہ اقدام قابل تعریف ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ جس طرح فیس بک نے ہولوکاسٹ کےلیے اقدام اٹھایا اسلام مخالف مواد پر پابندی لگانے کےلیے بھی ویسا ہی اقدام اٹھایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button