ملک ریاض بھی عظمیٰ خان اور حسان نیازی کے خلاف میدان میں

وزیراعظم عمران خان کے بھتیجے حسان خان نیازی کی جانب سے خود پر عظمیٰ خان کیس میں لگائے گئے تمام تر الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے حسان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے پانچ ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔
اداکارہ عظمیٰ خان اور ملک ریاض کی صاحبزادیوں کے مابین کیس میں اس وقت نیا موڑ آ گیا جب ملک ریاض نے بھی فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا فیصلہ کر لیا اور لاہور ہائی کورٹ کے وکیل اور پرویز مشرف کیس میں سابق ملٹری ڈکٹیٹر کی طرف سے غداری کیس کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ اظہر صدیق ایڈوکیٹ کے توسط سے وزیر اعظم کے بھانجے اور اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان خان نیازی کو ایک لیگل نوٹس بھجوا دیا۔
چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے لیگل نوٹس میں حسان نیازی کو اپنے خلاف سوشل میڈیا پر بیانات دینے اور انکی کاروباری ساکھ متاثر کرنے پر 5 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک ریاض کے وکیل اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ حسان نیازی نے ان کے موکل کے خلاف جان بوجھ کر غلط اور بے بنیاد الزامات لگائے جس سے ان کے موکل کی ذاتی، خاندانی اور کاروباری ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ ان الزامات کے پیچھے ایک گھناؤنی سازش ہے ہے جس کا مقصد ملک ریاض کی ساکھ کو خراب کرنا ہے۔
اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے یہ بھی کہا کہ اداکارہ عظمیٰ خان کیس میں چیئرمین بحریہ ٹاؤن کا کوئی کردار نہیں ہے مگر حسان نیازی نے ان کے موکل پر جھوٹے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حسان نیازی نے انکے لیگل نوٹس کا جواب نہ دیا تو ان کے خلاف باقاعدہ ہتک عزت کا کیس فائل کیا جائے گا جس کی عدالت میں باقاعدہ پیروی کی جائے گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی کی طرف سے چیئرمین بحریہ ٹاؤن پر پیسوں کا لالچ دینے اور معاملات نمٹانے کے لیے رشوت کی آفر کا الزام حقائق کے منافی ہے جس پر لیگل نوٹس بھیجا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ملک ریاض کی اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان خان نیازی نے سوشل میڈیا پر اس الزام کو دہرایا ہے کہ کچھ لوگ ملک ریاض کی طرف سے انہیں اور ان کی موکلان کو پیسوں کا لالچ دینے اور کیس واپس لینے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم وہ کسی بھی صورت پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ حسان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اس کیس میں میرا ساتھ دینے والے میرے دوست بھی بک گئے ہیں اور اب میں اکیلا کھڑا ہوں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ میرا باپ بک سکتا ہے، میرا ماموں عمران خان بھی بک سکتا ہے لیکن ملک ریاض مجھے نہیں خرید سکتا۔
اداکارہ عظمیٰ خان کی طرف سے آمنہ عثمان ملک اور دختران ملک ریاض یعنی پشمینہ ملک اور عنبر ملک کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور سوشل میڈیا پر بیانات کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض خود براہ راست اس کیس میں ملوث ہو گے ہیں اور عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔ یاد رہے کہ ان کے خلاف کبھی بھی کوئی بھی کیس اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچا کیونکہ وہ کیس فائلوں کو پیسوں سے دبا دینے کے لیے مشہور ہیں۔ کیس دبانے کے لیے پیسوں کے استعمال کا الزام ملک ریاض پر نیا نہیں ہے۔ حال ہی میں سپریم کورٹ میں 460 ارب روپے کی ڈیل اور برطانیہ سے ان کی مبینہ رقم کی واپسی اس کی تازہ مثالیں ہیں۔
حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھجوانے کے بعد یہ کیس اب عظمیٰ خان بنام آمنہ عثمان، پشمینہ اور عنبر ملک نہیں رہے گا بلکہ اس کی نوعیت مختلف ہو گی۔ حسان خان نیازی کا تعلق چونکہ خود ایک بڑے خاندان سے ہے۔ لہذا وہ ہرگز اتنی آسانی سے پیچھے نہیں ہٹنے والے نہیں ہیں۔ یہ کیس خود وزیر اعظم عمران خان کے لئے بھی ایک ٹیسٹ کیس بننے جا رہا ہے کہ ایک طرف ان کے بھانجے تو دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے بزنس مین کھڑے ہیں۔ تاہم حسان نیازی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں وزیراعظم عمران خان سے کمزور اور مظلوم کا ساتھ دینے اور انصاف دلوانے کی امید رکھتے ہیں۔
