منظر صہبائی نے ثمینہ احمد کو شادی کے لیے کیسے منایا؟
ستر برس سے زائد کی عمر میں ستر سالہ اداکارہ ثمینہ احمد سے شادی رچانے والے سینیئر اداکار منظر صہبائی نے اپنے ملن کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دل جوان ہو تو عمر کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کی جب میں نے ثمینہ کو شادی کی پیش کش کی تو انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ یہ آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ اس کے جواب میں منظر نے ثمینہ سے کہا کہ نکاح کرنے کے لیے لڑکی سے پوچھنا ضروری ہوتا ہے۔ بڑھاپے کی اس شادی پر جہاں کئی لوگوں نے حیرانگی کا اظہار کیا تھا، وہیں بہت سارے افراد نے ان کے فیصلے کی تعریف کی تھی۔
شادی کے ڈیڑھ سال بعد اب دونوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے درمیان کب تعلقات استوار ہوئے اور کیوں انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں دونوں نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ‘دھوپ کی دیوار‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ منظر صہبائی نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران ثمینہ کو دیکھتے ہی ان سے پوچھا تھا کہ وہ یہاں کیا کر رہی ہیں؟
ان کی بات کے دوران ثمینہ احمد نے ہنستے ہوئے بتایا کہ منظر صہبائی کی جانب سے ایسا کہنے پر وہ ان سے متعلق سوچنے لگیں کہ ’بڑے عجیب انسان ہیں‘۔ منظر صہبائی نے بتایا کہ اس کے بعد ہی انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور ان سے تعجب سے پوچھا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں؟
ثمینہ احمد کے مطابق پہلی ملاقات کے بعد ان دونوں کا موبائل فون پر رابطہ رہا جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ منظر کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین بار ثمینہ احمد سے شادی سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا کہ رہے ہو؟ منظر نے کہا کہ ہم دونوں نے شادی کے وقت دنیا اور لوگوں کا نہیں بلکہ صرف اپنا سوچا اور اسی لیے ہی انہوں نے شادی کی۔ ان کے مطابق انہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ دنیا اور لوگ ان سے متعلق کیا کہتے ہیں؟ دونوں نے بتایا کہ ان کی شادی کے فیصلے پر نہ صرف ان کے دوست اور جاننے والے بلکہ ان کے بچے بھی خوش ہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے زائدالعمر افراد کے کرداروں سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ عمر رسیدہ افراد کے لیے بنائے گئے تقریبا تمام کردار ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے شکوہ کیا کہ زائدالعمر افراد کے کرداروں کو اہمیت نہیں دی جاتی اور ایسے لوگوں کو صرف والد اور والدہ کے کردار دیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ منظر صہبائی اور ثمینہ احمد درجنوں ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔ یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، تاہم کچھ سالوں بعد ان کی علیحدگی ہوگئی اور فرید نے اداکارہ شمیم آرا سے شادی کرلی جو کہ کچھ عرصہ ہی چلی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔
ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو 71 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا۔ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا، وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا، وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
دوسری جانب 71 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں، ڈراموں کی بات کی جائے تو ’الف‘ ڈرامے میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
