مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی جب کہ مویشی منڈی کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں این سی او سی کا خصوصی اجلاس اسد عمر کی صدر صدارت ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ، صوبائی وزیر راجا بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک میں مویشی منڈیوں کے انتظامات اورعیدالاضحیٰ پر اجتماعی عبادات سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس عیدالاضحیٰ کے حوالے مویشی منڈیوں اور نماز عید کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک بھر میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں صحت سے متعلق ضروری ہدایات صوبوں اور انتظامی اداروں کو جاری کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوں کا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کے تحت اہتمام بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں سے شہر میں جانور فروخت کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں، لہٰذا مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی اور شہر کے اندر ان کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں سے متعلق صحت کے ضابطہ کار اور گائڈ لائنز سب کے ساتھ شیئر ہوں گی، اس سلسلے میں مقامی انتظامی کو عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ٹاسک سونپ دیے گئےہیں۔
چیئرمین این سی او سی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوں گے جبکہ خریداروں کی سختی سے اسکریننگ کی جائے گی اور فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقرر حد سے زیادہ سے لوگوں کو منڈی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، منڈیوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا لیکن اس کا حکم چھوٹا ہوگا۔ این سی او سی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ پر نمازوں کےلیے عیدالفطر کے پلان کی پیروی کی جائے گی۔
این سی او سی کے اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں 30 ایسے شہر ہیں جہاں پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ دیکھی گئی۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملک بھر میں اس وقت 321 مقامات اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند ہیں۔
مزید برآں اجلاس کے دوران حکومت پنجاب کے انسداد کورونا کے اقدامات پر اطمینان ک اظہار کیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اقدامات کو سراہا ہے، صوبے میں کورونا کی روک تھام اور صحت کی سہولتوں کے پنجاب کے ا قدامات قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرامد کےلیے سخت مانیٹرنگ پر بھی اتفاق کیا گیا، ساتھ ہی وہ بولے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ایس او پیز پر سختی سے نظر رکھی جائے گی اور عید الاضحیٰ کے حوالے سے بھی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button