مہوش حیات دل کی ڈاکٹر بن گئیں، مشورہ بھی دے ڈالا

تمغہ امتیاز کے حصول کے بعد سے نت نئے تنازعات کا شکار ہونے والی خوبصورت اداکارہ مہوش حیات نے کرونا وائرس سے بچنے کیلئے ہاتھ دھونے کے ساتھ دل کو صاف رکھنے کا مشورہ بھی دے دیا ہے۔ تاہم ماضی کے برعکس سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کوتنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے انکی ستائش کرتے نظر آئے۔
اداکارہ مہوش حیات نے کرونا وائرس کے دوران ہاتھ دھونے سے متعلق احتیاط بارے یاددہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’ہاتھوں کے ساتھ ساتھ اپنے دل بھی صاف رکھیں کیونکہ کرونا وائرس دل کے پٹھوں پر بھی حملہ آور ہوجاتا ہے لہذا اس کا صاف رہنا بڑا ضروری ہے۔ سوشل میڈیا پر فعال سیلیبرٹیز میں شمار کی جانے والی مہوش کا یہ پیغام سامنے آیا تو صارفین نے نہ صرف اسے سراہا بلکہ ایسا کرنے کی افادیت سے متعلق مزید گفتگو بھی کی۔ مہوش حیات کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والوں میں بہت سے ایسے تھے جنہوں نے ان کی گفتگو آگے بڑھاتے ہوئے دل کے ساتھ دماغ صاف رکھنے کی جانب بھی توجہ دلائی۔ دعا ملک نامی صارف نے لکھا ’ذہن صاف ہونا بھی ضروری ہے‘۔ شاہد نامی صارف نے ہاتھوں اور ذہن کے ساتھ نظروں کی صفائی بھی لازم قرار دی۔ انہوں نے لکھا ’ان سب کے ساتھ نظریں صاف ہونا بھی ضروری ہیں۔ مہر نامی صارف نے مہوش حیات کے خیال سے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے اس کا نتیجہ بھی اپنی گفتگو کا حصہ بنایا۔ انہوں نے لکھا ’یہ بہت لازم ہے۔ اگر ہم سب دل صاف رکھیں تو یہ دنیا جنت بن جائےگی۔
گفتگو میں شریک کچھ صارف ایسے بھی تھے جو مہوش حیات کی خوبصورتی کی تعریف کرتے رہے۔ تابندہ نیازی نے لکھا ’آپ کے بالوں کے رنگ سے مجھے محبت ہے۔انعم لطیف نامی صارف نے مہوش حیات کی خوبصورتی کا بالی وڈ اداکاراؤں سے مقابلہ کر ڈالا۔ انہوں نے لکھا ’آپ کترینہ کیف اور پرینکا چوپڑا سے زیادہ خوبصورت ہیں۔ مہوش حیات کے خیال سے اتفاق کرنے والوں اور ان کی خوبصورتی کے تعریف کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ایسے لوگ بھی گفتگو کا حصہ رہے جنہوں نے عمدہ پیغام دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سید احمد مسعود نامی صارف نے لکھا ’ یہ ناصرف ایک خوبصورت پیغام ہے بلکہ خوشیوں بھری زندگی کی کلید بھی ہے۔ پیغام شیئر کرنے پر آپ کا شکریہ۔‘
یاد رہے کہ اپنے دوست میاں یوسف صلاح الدین کی بھر پور کاوشوں سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش اپنے خیالات اور حرکتوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہتی ہیں۔ مہوش حیات ماضی قریب میں گلابی ٹراؤزر شرٹ زیب تن کر کے ڈانش کے بولڈ سٹیپس کرنے پر تنقید کا نشانہ بن چکی ہیں اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کی مذمت نہ کرنے پر بھی انھیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں انھوں نے اس حوالے سے اپنا وضاحتی بیان جاری کر کے صارفین کا غصہ ٹھنڈا کیا تھا۔
ہالی ووڈ کے معتبر ترین آسکر ایوارڈز 2020 کی نامزدگیوں پر تحفظات کا اظہار کرنے پر بھی انھیں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے جبکہ رواں سال جنوری کے مہینے میں اداکارہ کا بولڈ فوٹو شوٹ سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کی طرف سےان پر تنقید بھی کافی روز تک سوشل میڈیا پر زیر بحث رہی تھی۔ عامر لیاقت نے مہوش حیات کی ایک بولڈ تصویر ٹوئٹر پر شئیر کرتے ہوئے پیغام لکھا تھا کہ ‘تمہیں تمغہ کہوں یا نغمہ کہ سورج کہوں یا تارا، کیسے نام کرے گا روشن دو جگ میں حال تمہارا’ لکھا تھا۔ عامر لیاقت کی شاعرانہ تنقید کے جواب میں مہوش حیات نے اپنی ایک بولڈ تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ مجھے کچھ لوگ پسند نہیں کرتے لیکن میں کیا کرسکتی ہوں، سب کی پسند اچھی نہیں ہوتی’۔ تاہم مسلسل تنقید کا سامنا کرنے والی مہوش حیات کا ہاتھوں کے ساتھ دلوں کو صاف کرنے کے پیغام سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 37 سالہ پاکستانی اداکارہ مختلف پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تمغہ حسن کارکردگی پانے والی مہوش حیات متعدد پروفیشنل ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
