میرا کی چالیس کروڑ کی جائیداد کا تنازعہ کیا ہے؟

متنازعہ اداکارہ میرا ایک مرتبہ پھر ایک اور تنازعے کی وجہ سے خبروں میں ہیں اور انکا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کی جانب سے ان کی جائیداد پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میرا نے دعوی کیا ہے کہ ان کی فیملی پاکستان میں محفوظ نہیں ہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ لاہور پریس کلب میں والدہ اور بھائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہا کہ میرے خاندان کے ساتھ بہت ناانصافی اور ظلم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے امریکا میں تھی، اس کے بعد دبئی میں تھی، اس دوران یہاں قبضہ مافیا نے ہماری جائیداد پر زور زبردستی سے قبضہ کرنے کی کوشش کی اور میرے خلاف ایک جھوٹا کیس بھی درج کروا دیا۔
اداکارہ میرا نے کہا کہ قبضہ گروپ کی جانب سے میری والدہ پر تشدد کیا گیا اور اگر پولیس بروقت کاروائی نہ کرتی تو قبضہ مافیا انہیں قتل کردیتا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں اپنی پراپرٹی پر قبضہ کرنے والے شاہد نامی ملزم کی تصویر دکھائی اور کہا کہ یہ عادی مجرم ہیں، میری درخواست ہے کہ میڈیا ولن کو ولن اور ہیرو کو ہیرو رہنے دے۔ میرا نے مزید کہا کہ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ ان کے ساتھ کسی قسم کی ٹرانزیکشن، کوئی خرید و فروخت، کاروبار مت کریں، یہ ایک فراڈ اور مجرم ہے، انہوں نے میرے اہلخانہ پر حملہ کیا میں اگر پاکستان میں ہوتی تو شاید ایسا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مظلوم پاکستانی جنکی آواز طاقت کے ایوانوں تک پہنچ نہیں سکتی، ان کے ساتھ یہاں کیا سلوک ہوتا ہوگا۔
میرا کا کہنا تھا کہ اگر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر بروقت کارروائی نہ کرتے تو شاید برا جانی و مالی نقصان ہوجاتا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہد نامی ملزم نے ایم ایم عالم روڈ پر ان کی پراپرٹی پر قبضے کی کوشش کی، اس کے علاوہ ان کی والدہ کے ایک گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکی جائیداد خریدنے کے دعویدار نے پیسے دیے تھے تو وہ منی ٹرانزیکشن دکھائیں کہ جائیداد کی رقم کی ادائیگی کہاں کی گئی ہے۔ اداکارہ میرا نے کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے درخواست ہے کہ ملزم شاہد محمود کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے اور میرے گھر والوں کو تحفظ دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کے ذریعے اپنی جائیداد پر حکم امتناع حاصل کرلیا ہے، یہ معاملہ عدالت میں زیرِ التوا ہے۔
تنازعات میں گھری میرا کا کہنا تھا کہ میں سی سی پی او لاہور کی مشکور ہوں کہ انہوں نے وقت پر کارروائی کی اور ایف آئی آر درج کی، انکوائری کی، پولیس کی جانب سے ملزم کو طلب کیا جاچکا ہے لیکن وہ اپنا بیان دینے کے لیے نہیں آرہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہد نامی شخص کے پاس انکی جائیداد کی جعلی دستاویزات ہیں، لہازا کوئی بھی ان کے ساتھ کسی دستاویز پر دستخط نہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے اس شخص کو پاکستان سے باہر نہ جانے دیا جائے اور ادے فوراً گرفتار کیا جائے کیونکہ میرے اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ میرا کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف 5 ایف آئی آرز درج کی جاچکی ہیں، ان کے ساتھی گرفتار کیے جاچکے ہیں، لیکن ملزم کینجانب سے میری والدہ کی 30 سے 40 کروڑ روپے کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش جاری ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور ہمیں انصاف چاہیے، حکومت اس مسئلے کو دیکھے اور ہمارا مطالبہ پورا کرے۔
اس موقع پر اداکارہ میرا آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ ‘وہ دستاویزات جعلی ہیں، اگر کوئی سچ ثابت کردے تو میری پوری فیملی سرِ عام پھانسی لے لے گی’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایسے 2 نمبر لوگوں کو پکڑنا بہت ضروری ہے، اس ملک کو صاف کریں اپنے بچوں کے لیے، پاکستان کو صاف کرنا اپنا مشن بنالیں، اس ملک کو ناپاک لوگوں سے ہم مل کر صاف کریں گے’۔ میرا کے بعد ان کے وکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے درجنوں کے حساب سے جعلی دستاویزات تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ہم پولیس اور عدالت چلے گئے ہیں اب کوئی جعلی دستاویزات تیار نہ کی جائیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ اداکارہ میرا کا لیپ ٹاپ اور کچھ دستاویزات، قبضے کی کوشش کے دوران چوری کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پولیس نے لاہور میں اداکارہ میرا کی والدہ کے پلازہ پر قبضے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ ملزمان نے پلازہ کرائے پر لیا تھا اور بعد ازاں جعلی کاغذات بناکر اسے خالی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
