ناظم جوکھیو قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
وفاقی کابینہ نے ناظم جوکھیو قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دیدی ہے، قومی سلامتی پالیسی عام آدمی کی زندگی سے منسلک ہے اور اس سے عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کو یوریا کی پیدوار پر بریفنگ دی گئی، اچھی پیداوار سے کاشتکاروں کو 1100 ارب روپے اضافی آمدن ہوئی، زراعت کے شعبے پر حکومت توجہ دے رہی ہے جبکہ کھاد کا بحران پیدا ہوا ہے،
انھوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں ڈی اے پی کی قیمت 12 ہزار روپے ہے تاہم یوریا کھاد ملک میں بن رہی ہے اور بڑی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے، حکومت کے پاس یوریا کا سٹاک بھی موجود ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو بچانے کے لیے کوششیں کی گئیں تاہم کابینہ نے ناظم جوکھیو قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی منظوری دے دی ہے۔
