نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹےکے ولیمے میں فائرنگ،بھائی جاں بحق

ڈیفنس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان کی گاڑی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی نامزد صوبائی وزیر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہو گئے ہیں ۔نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کے دوران تقریب میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس سے نامزد صوبائی وزیر کے بھائی مبشر کھوکھر المعروف ملک گوگا جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں شہری بھی زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تاہم پولیس کے مطابق تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں سے اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر زخمی ہوگیا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے جانے کے بعد پیش آیا۔
عینی شاہد کے مطابق وزیراعلیٰ واپسی کیلئےکار میں بیٹھے ہی تھےکہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جبکہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ کی کار سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ دو حملہ اورگھات لگاکرگیٹ پرموجود تھے، جیسے ہی نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کوگیٹ پرچھوڑنے آئے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کوپکڑلیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی جبکہ یہ تقریب ڈیفنس میں فارم ہاؤس میں منعقد ہورہی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیفنس میں اسدکھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے مزید کارروائی کی جائے۔انہوں نے حکم دیا کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کا کہنا تھاکہ فائرنگ کرنے والےملزم کو وزیراعلیٰ کی سکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا اور ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
اُدھر گرفتار ملزم ناظم نے ابتدائی بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا۔ ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق چچا کے قتل کابدلہ لینے کیلئے ملک مبشرکو قتل کیا۔ملزم کا کہنا ہے کہ میرےچچا کوکچھ عرصے قبل قتل کیا گیا تھا، ملک مبشر عرف گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا۔
خیال رہےکہ آج ہی اسد کھوکھر کوصوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تاہم انہیں ابھی حلف اٹھانا ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر کو دوبارہ صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔پنجاب کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی ایم پی اے اسد کھوکھر کو پنجاب میں وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 19 جولائی 2020ء کو گورنر پنجاب چودھری نے صوبائی وزیر جنگلی حیات ملک اسد علی کھوکھر کا استعفیٰ منظور کرلیا۔حکومت پنجاب کے کابینہ ونگ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر نے آرٹیکل 132(3) اور آرٹیکل 105 کے تحت ملک اسد علی کھوکھر کا صوبائی وزیر جنگلی حیات کے عہدے سے استعفیٰ منظور کرلیا۔
