نبیل ظفر کا پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز میں شرکت نہیں کرینگے

پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز (پیسا) کی تقریب آج رات دبئی میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی کئی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات اس ایونٹ میں شرکت کےلیے دبئی روانہ ہوچکی ہیں جب کہ کچھ اسٹارز ایسے ہیں جو اس ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ ‘بلبلے’ کے مرکزی اداکار نبیل ظفر ان میں سے ایک ہیں جو پہلے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کی تقریب کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نبیل ظفر کو اس ایونٹ میں ایک ایوارڈ کےلیے نامزد بھی کیا گیا تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اس تقریب کا حصہ نہ بننے کی وجہ بھی بتادی۔ انہوں نے لکھا کہ ‘گزشتہ کچھ دنوں سے آپ لوگوں نے دیکھا ہوگا کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز میں مجھے اپنے ڈرامے بلبلے کےلیے نامزد کیا گیا، یہ وہ پہچان ہے جو مداحوں نے بلبلے میں میرا کام پسند کرکے مجھے دی’۔ ‘مجھے سے منتظمین نے اپنی پی آر کمپنی باڈی بیٹ کے ذریعے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ میں اس ایونٹ میں شرکت کروں، میری طرح میرے اور کئی ساتھیوں سے بھی یہی درخواست کی گئی اور اپنے ڈاکیومنٹس جمع کروانے کو کہا، لیکن اچانک منتظمین نے رابطہ روک دیا اور ہم سب کو پریشان کردیا اور اب سب یہی سوال کررہے ہیں کہ کیا میں دبئی میں ہونے والے ایوارڈز کا حصہ بنوں گا’۔ ‘انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا کیوں کہ ہمارے نام شو کی تشہیر کےلیے استعمال کیے گئے اور اب منتظمین کی جانب سے ایسا کرنا مایوس کن ہے، ان کے اس رویے سے میری اور میرے ساتھیوں کی بےعزتی ہوئی، یہ ان مداحوں کے لیے بھی مایوس کن ہے جنہوں نے ٹکٹ خریدے’۔ ‘وہ تمام مداح جو یہ امید کررہے تھے کہ ہم اس ایوارڈ شو میں ان سے ملاقات کریں گے، تو میں سب کو آگاہ کردوں کہ میں اس شو کا حصہ نہیں بننے جارہا’۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اس شو کے حوالے سے کوئی تنازع سامنے آیا ہو، اس سے قبل شو کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ اداکارہ ماہرہ خان بھی 7 فروری کو ہونے والے ایوارڈز میں اسٹیج پر پرفارم کرتی نظر آئیں گی۔ جس کے بعد ماہرہ خان نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے واضح کیا تھا کہ وہ صرف پیسا میں شریک ہونے جارہی ہیں، جب کہ ان کا پرفارم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
دوسری جانب ایوارڈ شو کی پی آر کمپنی باڈی بیٹ کے ممبر معز کاظمی کا کہنا ہے کہ ‘جب آپ 200 لوگوں کو کسی جگہ بھیج رہے ہوں تو یقیناً یہ کام آسان نہیں، یہ نیا شو اور نیا پروجیکٹ ہے، مجھے امید ہے کہ وقت کے ساتھ پیسا اور بہتر ہوگا’۔
