صنم ماروی نے شوہر سے خلع مانگ لی

گلوکارہ صنم ماروی نے شوہر سے خلع کے لیے دعویٰ دائر کر دیا۔ صنم ماروی نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے شوہر بچوں کے سامنے گالم گلوچ اور تشدد کرتا ہے۔
کوک اسٹوڈیو کے مقبول گانوں میں پرفارم کرنے والی معروف گلوکارہ صنم ماروی نے لاہور کی فیملی کورٹ میں شوہر حامد علی سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کی۔ درخواست میں صنم ماروی نے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا تھا، شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے، میں صرف اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی۔ صنم ماروی کا کہنا تھا کہ شوہر نے مارپیٹ کے دوران ایک بار گلا دبانے کی بھی کوشش کی لیکن اب شوہر کےساتھ مزید گزارہ ممکن نہیں۔ گلوکارہ نے شوہر سے علیحدگی کے لیے عدالت سے خلع کی ڈگری جاری کرنے کی استدعا کی۔
واضح رہے کہ گلوکارہ کی شوہر حامد علی بہلول کے ساتھ دوسری شادی ہے جن سے ان کے تین بچے ہیں جب کہ ان کی پہلی شادی آفتاب احمد سے ہوئی تھی جن کا 2009 میں کراچی میں قتل ہوا تھا۔
