کورونا وائرس: چین کے اربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے منسوخ

کورونا وائرس کے باعث چین میں دو درجن سے زائد ایشیائی تجارتی اور کاروباری میلے اور کانفرنسز کو منسوخ کر دیا گیا جن کےلیے اربوں ڈالرز کے معاہدے بھی ہوچکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے چین میں مختلف ممالک کی پروازیں بند ہونے کے بعد مختلف تقریبات منسوخ ہوچکی ہیں جن میں کاروباری اور تجارتی معاملات کی اہم کانفرنسز اور میلے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین میں ہر سال مارچ میں سب سے بڑا تجارتی میلہ ’دی کینٹن‘سجتا ہے جس کو وائرس کی وجہ سے مؤخر کر دیا گیا ہے اور اس کی نئی تاریخ کا تاحال اعلان بھی نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال چین کے بڑے تجارتی میلے میں 29 اعشاریہ 7 ارب ڈالرز کے معاہدے کیے گئے تھے۔
علاوہ ازیں ایسٹ چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کو موڈیٹی میلے کی انتظامیہ نے بھی یکم سے 4 مارچ تک ہونے والے تمام ایونٹس بغیر کوئی نئی تاریخ بتائے منسوخ کر دیئے ہیں۔اس مذکورہ ایونٹ کے ذریعے گزشتہ برس 2 اعشاریہ 3 ارب ڈالرز کمائے گئے تھے۔کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں چینی حکومت نے مقامی کاروباری حکام سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام ایونٹس کو چین میں حالات بہتر ہونے تک مؤخر کر دیں۔
یاد رہے کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی کورونا وائرس کے سبب چین میں اپنے دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جن میں گوگل، ایپل اور ائیر بس کی کمپنی بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مزید کئی افراد کی ہلاکت کے بعد پراسرار وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 636 ہو گئی۔ ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مزید 3 ہزار 143 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 161 ہوگئی ہے۔
