ندا یاسر نے کورونا سے متعلق اپنی صحت کی افواہوں کو مسترد کردیا

مارننگ شو میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر سمیت ان کی بیٹی میں گزشتہ ماہ 25 مئی کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جب کہ ان کے مارننگ شو میں شرکت کرنے والے اداکار نوید رضا بھی اس وباء سے متاثر ہوئے تھے۔
جس کے بعد ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ ندا یاسر کے مارننگ شوز میں شرکت کرنے والی کچھ شخصیات اور ان کے عملے کے کچھ ارکان بھی کورونا کا شکار ہو سکتے ہیں۔
تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ ان کے عملے سمیت گھر کے ملازمین میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی جب کہ ان کے بیٹوں میں بھی کورونا وائرس منتقل نہیں ہوا۔ انہوں نے تصدیق کی تھی کہ ان کی بیٹی اور شوہر یاسر نواز اور ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے شو میں اداکار نوید رضا کے ساتھ شرکت کرنے والی اداکارہ علیزے شاہ نے بھی کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا مگر اس کا نتیجہ بھی منفی آیا تھا۔ ندا یاسر اور ان کے شوہر میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے شوبز شخصیات سمیت ان کے مداح بھی پریشان دکھائی دیے اور ان کی صحت یابی کےلیے دعائیں کرتے دکھائی دیے۔
تاہم گزشتہ چند دن سے میزبان ندا یاسر کی صحت کے حوالے سے افواہیں پھیل گئیں جس کے بعدوہ ذہنی طور پر پریشان ہوگئیں اور انہوں نے افواہوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کی۔ ندا یاسر نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی صحت بہتر ہے اور وہ اہل خانہ سمیت گھر پر ہیں۔
ان کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں غلط دعوے کیے جا رہے تھے اور بتایا جا رہا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر میں کورونا کی علامات شدید ہونے پر ان کی صحت خراب ہوگئی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یاسر نواز کے مقابلے ندا یاسر کی طبعیت زیادہ خراب ہوچکی ہے اور انہوں نے مداحوں سے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے، تاہم ایسی ویڈیوز میں کوئی مستند ذریعہ نہیں دیا گیا تھا۔ اپنی صحت سے افواہیں پھیلنے کے بعد ندا یاسر نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے خبروں کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ان سمیت ان کے تمام اہل خانہ کی صحت ٹھیک ہے اور وہ گھر پر ہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اللہ کے شکر اور مداحوں کی دعا سے وہ بلکل ٹھیک ہیں اور ان کی صحت سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ گھر میں ہی ہیں اور ان کی صحت سے متعلق جھوٹی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔
