کوئٹہ جلسہ ہرصورت ہوگا، حکومت سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو گھرجائے

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ کوئٹہ کاجلسہ ہرصورت ہوگا، اگرحکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو وہ گھرچلی جائے۔
نواز شریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں۔
قلات میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں، پی ڈی ایم جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں، پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، کل پورا بلوچستان بشمول کوئٹہ ہمارے ساتھ مل کر نالائق حکومت کے خلاف جمع ہوگا، کوئٹہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا، سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے، اگر اور اعلان کردے، ہم خود سکیورٹی کے انتطامات سنبھال لیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، آج ہر شخص کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، قوم پر نااہل اور نالائق ٹولے کو مسلط کردیا گیا، عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کامیڈی ہے، ووٹ عوام کا حق اور امانت ہے جو چوری کیا گیا، ہم نے عہد کیا ہے کہ ہر صورت عوام کی امانت کو لوٹا کر دیں گے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عدالت نے جسٹس قاضی فائز کیس بدنیتی قرار دے کر خارج کردیا، یہ ریفرنس جعلی کابینہ اور جعلی وزیراعظم کی ایما پر بنایا گیا تھا، اب صدرعارف علوی اپنے عہدے پر مزید رہنے کا حق کھو چکے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھاکہ مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کوگھروں سے نکلنے پر مجبورکردیاہے،ہم نے اس نالائق حکومت کو گھر بجھوانا ہے، یہ ایک ناجائز، نااہل اور نالائق حکومت ہےجسے مسلط کیاگیا، عوام کی کرب اور چیخ و پکار حکومت تک نہیں پہنچ رہی تو یہ بہرے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھاکہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق کوئی تھریٹ (دھمکی) نہیں ہے، اگر ہو بھی تو ہمیں کوئٹہ میں جلسہ کرنا ہے،کسی لیڈر کے نہ آنے سے پی ڈی ایم اتحاد پر فرق نہیں پڑےگا، ہمارا ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت 2 سالوں سے نا اہلی کامظاہرہ کررہی ہے۔ان کا مزیدکہنا تھاکہ اگر کوئٹہ میں کوئی تھریٹ ہے تو اس سےنمٹنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، کوئٹہ کاجلسہ ہر صورت میں ہوگا، اگرحکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تووہ گھرچلی جائے۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونا ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
