نیم عریاں لباس کی وجہ سے گرفتار ہونے والی ایکٹرس بول پڑی

متحدہ عرب امارات میں نیم عریاں لباس پہن کر عوامی مقام پر شوٹنگ کروانے پر گرفتار ہونے والی بھارتی اداکارہ عرفی جاوید نے کہا ہے کہ انہیں صرف پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا جسے میڈیا کی جانب سے بلاوجہ گرفتاری کا رنگ دیا جارہا ہے۔ بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنے والی متنازع بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک روز قبل انہیں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں نیم عریاں لباس کی وجہ سے حراست میں نہیں لیا گیا تھا، 21 دسمبر کو بھارتی میڈیا نے خبریں شائع کی تھیں کہ دبئی پولیس نے عرفی جاوید کو نیم عریاں لباس پہن کر شوٹنگ کروانے پر حراست میں لے لیا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عرفی جاوید نے خلاف قانون ایسا لباس پہنا، جسے دبئی میں عوامی مقامات پر پہننے پر پابندی عائد ہے کیونکہ اس سے لوگوں کے جذبات بھڑک سکتے ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ عرفی جاوید سے کئی گھنٹوں تک پوچھ کی گئی اور ممکنہ طور پر ان کا بھارت واپس جانے کا ٹکٹ بھی منسوخ کردیا جائے گا۔
تاہم اب عرفی نے ان رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اماراتی پولیس نے انہیں نیم عریاں لباس پہننے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا تھا، ان کے لباس میں کوئی خرابی نہیں تھی۔معروف بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عرفی جاوید نے دعویٰ کیا کہ انہیں ان کے لباس کی وجہ سے نہیں بلکہ زیادہ دیر تک عوامی مقام پر شوٹنگ کرنے پر پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔ماڈل کے مطابق ان کی ٹیم نے دبئی پولیس سے ایک خاص وقت تک عوامی مقام پر شوٹنگ کی اجازت حاصل کی تھی مگر ان کی شوٹنگ کا دورانیہ مقررہ وقت سے بڑھ گیا تھا، جس پر پولیس نے انہیں آ کر روکا اور ان سے سوال و جواب کرنے کے لیے ساتھ لے گئی۔ ان کے مطابق دبئی میں اجازت کے بغیر زیادہ دیر تک عوامی مقامات پر شوٹنگ کرنے پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان سے سوال و جواب کرنے کے بعد انہیں گھر جانے کا کہا اور انہوں نے دوسرے روز آکر بقایا شوٹنگ کروائی۔
خیال رہے کہ عرفی جاوید ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں، انہیں متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے پہلے سیزن میں شرکت کے بعد شہرت ملی۔ عرفی جاوید نے اب تک ایک درجن کے قریب ٹی وی ڈراموں اور چند ویب سیریز میں کام کیا ہے، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔ عرفی جاوید کو ان کے لباس کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے، جب کہ ان کے فیشن سینس کو بھی بھارتی روایات کے خلاف قرار دیا جاتا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ان کی جانب سے پرانے بالی وڈ گانے ’ہائے ہائے یہ مجبوری‘ میں بولڈ لباس کے ساتھ پرفارمنس کرنے پر بھی ان کے خلاف ہندوؤں نے قانونی چارہ جوئی کی تھی اور ان کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج کیے گئے تھے۔
