نیپرا نے ملک میں بجلی بریک ڈاؤن کی رپورٹ جاری کردی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے جنوری میں بجلی بلیک آؤٹ پر اپنی رپورٹ جاری کردی۔
چیئرمین نیپرا نے 9 جنوری کو ملک بھر میں بجلی بلیک آؤٹ کا سخت نوٹس لیا تھا اور ڈی جی انفورسمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی بنائی تھی جس میں دو ممبران نجے شعبے سے لیے گئے تھے۔ اس حوالے سے نیپرا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جنوری میں بجلی بریک ڈاؤن گڈو پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث آیا اور یہ فالٹ گڈو پاور پلانٹ میں 220کے وی کے سرکٹ بریکرز کو بند کرنے کے دوران آیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ گڈو پاور پلانٹ میں آنے والا فالٹ 220 اور 500کے وی کے ترسیلی نظام تک پھیل گیا۔
واضح رہےکہ 9 جنوری کو ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر اپوزیشن نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور حکومت نے اس کا ذمہ دار گزشتہ حکومت کو قرار دیا جب کہ وفاقی وزیر توانائی پہلے ہی اس فالٹ کے بارے میں بتا چکے ہیں۔
