وعدے پورے نہ ہوئے تو پھر سے پیچھے ہٹ جائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنام خرم لغاری کو قیادت کی جانب سے راضی تو کر لیا گیا لیکن انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومتی جماعت کو تنبیہہ کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خرم لغاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مل کر تحفظات دور ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حلقے کےلیے فنڈز چاہئیے تھے، یوتھ ناراض تھی۔ وزیراعلیٰ مظفر گڑھ کا دورہ کریں گے، اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مظفر گڑھ یونیورسٹی کےلیے بھی مان گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے کہا کہ 5 ایم پی اے ساتھ تھے اور اب بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے ہمیں ووٹ دینا ہے اگر مطالبات نہ تسلیم نہ کیے گئے تو پھر نوجوان نسل پیچھے ہٹ جائے گی۔ خرم لغاری نے کہا کہ ہمارے گلے شکوے دور ہو گئے اب سینیٹ کا ووٹ پارٹی امیدواروں کو کاسٹ کریں گے۔ ایم پی اے خرم لغاری نے مزید کہا کہ 20 لوگوں کا ہم خیال گروپ سامنے نہیں آیا وہ مفاد گروپ ٹولہ ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کےلیے دوبارہ ڈائیلاگ کریں گے اور صوبہ لے کر رہیں گے۔
خیال رہے کہ خرم لغاری نے پی ٹی آئی قیادت سے ناراض ہو کر سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا ۔ خرم سہیل خان لغاری نے میڈیا سے گفتگو میں پارٹی قیادت سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف یوتھ کا نام تھا، مجھے ٹکٹ نہیں دی گئی تھی کہ میں لڑکا ہوا، پھر میں نے آزاد الیکشن لڑا ، 50 ہزار ووٹ لیے اور 17ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا، میری تیسری نسل اسمبلی میں آرہی ہے، میرے دادا، والد کے بعد اب میں اسمبلی میں آیا ہوں۔
یہ جھنڈے بھی باپ دادا سے دیکھ چکا ہوں، ہماری کوئی خواہش نہیں ہے، عوام کی خدمت کرنا ترجیح ہے۔ جس کے بعد پارٹی قیادت نے خرم لغاری سے ملاقات کی، دو روز قبل خرم لغاری کی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں خرم لغاری کے تحفظات دور کر دئے گئے تھے جس کے بعد خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button