ٹوئیٹر کو ٹکر دینے کیلئےانسٹا گرام کی نئی چال

سماجی رابطے کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ٹوئیٹر کو ٹکر دینے کے لیے فیس بک نے انسٹا گرام پر صارفین کی دلچسپی بڑھاتے ہوئے مزید فیچرز متعارف کروا دیئے ہیں، انسٹا گرام صارفین اب ٹیکسٹ پوسٹ شیئر کرنے کے ساتھ گروپ چیٹ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ نئے فیچرز میں سب سے اہم ٹیکسٹ پوسٹ فیچر ہے جو کہ ٹوئٹر سے ملتا جلتا ہے۔
‘ٹیکسٹ پوسٹ‘ کے ذریعے انسٹاگرام صارفین 60 الفاظ پر مشتمل کوئی بھی پوسٹ کر سکیں گے، یہ پہلی بار ہوگا کہ انسٹاگرام پر ویڈیو یا تصویر کے بغیر الفاظ کی پوسٹ شیئر ہوگی، اگرچہ فیچر کو ٹوئٹر سے ملتا جلتا قرار دیا جا رہا ہے، تاہم یہ ٹوئٹ کی طرح کام نہیں کرے گا بلکہ یہ انسٹا گرام یا فیس بک کی سٹوریز کی طرح ہی کام کرے گا۔
نئے فیچر کے تحت صارفین ٹیکسٹ پوسٹ کو پبلک پوسٹ کے طور پر شیئر نہیں کر سکیں گے بلکہ انکی پوسٹ صرف ان افراد کو ہی نظر آئے گی، جنہوں نے صارف کو اور صارف نے ان کو فالو کر رکھا ہوگا۔ ٹیکسٹ پوسٹ انسٹاگرام کے مین پیج پر نظر نہیں آئے گی بلکہ وہ سٹوری کی طرح ان باکس کے اوپر صارف کے ان فالوورز کو نظر آئے گی، جنہیں خود صارف نے فالو کر رکھا ہوگا۔ یہ پوسٹ انسٹا گرام سٹوریز کی طرح 24 گھنٹے کے دوران خود بخود غائب ہوجائے گی، دوسری جانب ٹوئٹر پر صارفین کو ٹوئٹ کرنے کی آزادی ہوتی ہے اور ان کی ٹوئٹ پروفائل پیج پر نظر آتی ہے اور وہ ہر کسی کو دکھائی دیتی ہے۔
انسٹاگرام نے ایک اور دلچسپ فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جسے ’گروپ پروفائل‘ کا نام دیا گیا ہے، یہ فیچر ایک طرح سے فیس بک گروپس کی طرح ہو گا، یعنی انسٹا گرام پر ہی ایک گروپ بنایا جائے گا، جس میں گروپ بنانے والا اور اس کے چند دیگر دوست چیزیں شیئر کر سکیں گے۔گروپ پروفائل میں شیئر کی جانے والی چیزیں صرف ان افراد کو ہی نظر آئیں گی جو اس گروپ کا حصہ ہوں گے جبکہ پوسٹس صارفین کے پروفائل پر بھی پوسٹ نہیں ہوگی بلکہ گروپ پروفائل کا ایک الگ پروفائل بن جائے گا، جہاں تمام پوسٹس نظر آئیں گی۔
اسکے علاوہ انسٹاگرام پر ’کینڈڈ‘ نامی سٹوریز شیئرنگ کا نیا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت متعدد صارفین گروپ کی شکل میں سٹوریز شیئر کر سکیں گے، تاہم اس فیچر کے تحت صرف تصاویر یا ویڈیوز ہی شیئر کی جا سکیں گی۔
اسی طرح انسٹاگرام نے Collaborative Collections کا فیچر بھی پیش کیا ہے، جس کے تحت متعدد صارفین انسٹاگرام پر نظر آنے والی ویڈیوز اور تصاویر سمیت پوسٹس کو ایک جگہ پر مشترکہ طور پر محفوظ کر کے دیکھ سکیں گے۔ اگرچہ انسٹا گرام نے فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کر دیا، تاہم یہ فیچرز پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوں گے، فوری طور پر ان فیچرز پر امریکا سمیت دیگر ممالک کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔
