ٹوکیو اولمپکس : برطانوی ویمنز ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں داخل

برطانیہ نے سپین کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ویمنز اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں چوتھی ٹیم کے طورپر رسائی حاصل کر لی۔بھارت، ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔ برطانیہ اور اسپین کے درمیان مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، برطانیہ نے شوٹ آؤٹ راونڈ میں دو گول کیے جبکہ اسپین، تجربہ کار انگلش گول کیپر میڈیلین ہِنچ کی زبردست کارکردگی کے باعث 4 بار گول کرنے سے محروم رہا۔
سیمی فائنل میں برطانیہ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا جس نے نیوزی لینڈ کو 0-3 گول سے شکست دی تھی اور لائڈویج ویلٹن، فریڈرک ماٹلا اور لورین اسٹم نے گول کیے تھے۔بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 0-1 سے فتح حاصل کی تھی، بھارت سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے مدمقابل ہوگا۔
بھارت کی گُرجیت کور نے پہلے ہاف میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تھی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جرمنی کو 0-3 سے ہرا کر 2012 کے بعد پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
