پاکستانی کرکٹرز ورلڈ کپ میں کونسے ریکارڈ بنا سکتے ہیں؟

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 بھارت میں شروع ہونے والا ہے، پاکستانی ٹیم بھارتی شہر احمدآباد پہنچ چکی ہے، قومی کپتان بابراعظم نمبر ون بیٹر کے طور پر میگا ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں، ان کی اس پوزیشن کو بھارت کے نوجوان بیٹسمین شبمن گِل سے خطرات لاحق تھے کیونکہ انہیں یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری میچ میں محض 14 رنز بنانے تھے مگر اس میچ میں انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد بابر اعظم 857 پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر رہے جبکہ شمبن گل 847 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف تیز ترین 19ویں سینچری سکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے، اس سے پہلے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے یہ کارنامہ 104 میچوں میں انجام دیا تھا۔اب بابر اعظم کے پاس اس ورلڈ کپ میں یہ شاندار موقع ہے کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 20ویں سینچری بھی سکور کرلیں۔اس وقت بابر اعظم نے 105 اننگز کھیلی ہیں جبکہ تیز ترین 20 سینچریاں اسکور کرنے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس ہی ہیں اگر بابر اعظم نیدرلینڈ یا سری لنکا کے خلاف میچوں میں ایک اور سینچری اسکور کرلیتے ہیں تو وہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 20 سینچری سکور کرنے والے بیٹسمین بن جائیں گے۔صرف یہی نہیں بلکہ 20ویں سینچری اسکور کرکے بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سینچری اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سعید انور کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آجائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے 65 ایک روزہ اننگز میں 2976 رنز بنائے ہیں اور انہیں 3 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 24 رنز درکار ہے، اس فہرست میں سب سے اوپر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہیں جنہوں نے 57 اننگز میں یہ کام کیا تھا۔پاکستان کے سٹار فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی اس ورلڈ کپ میں سب کی توجہ کا مرکز رہیں اور نسیم شاہ کی غیر موجودگی میں ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ بھی ہوگا۔ اس ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی کے پاس یہ اچھا موقع ہے کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرلیں۔واضح رہے کہ 2019 کے ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی نے 5 میچ کھیلے تھے اور 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔پاکستان کے سابق کپتان اور پاکستان کو ورلڈ کپ جیتوانے والے عمران خان نے بطور کپتان کرکٹ ورلڈ کپ میں 22 میچ کھیلے اور 24 وکٹیں حاصل کیں اور یہ اب تک کسی بھی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ ہے، ویسے اگر ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کا ذکر کریں تو اس فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میگراتھ 71 وکٹوں کے ساتھ سب سے اوپر ہیں اور انہوں نے 39 میچ کھیلے ہیں۔ان کے بعد سری لنکا کے کھلاڑیوں کا نمبر آتا ہے۔ دوسرے نمبر پر متھیا مرلی دھرن ہیں جنہوں نے 40 میچوں میں 68 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لستھ مالنگا نے 29 میچوں میں 56 وکٹیں لیں۔ اگر چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی کھلاڑی کی بات کریں وہ پاکستان کے وسیم اکرم ہیں جنہوں نے 38 میچوں میں 55 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
