پاکستان سپر لیگ 2020 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب سے ہو گیا جس میں فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس میں سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف گلوکار اور کمپیئر فخر عالم انجام دے رہے ہیں۔اس کے بعد اسٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی۔
اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اپنے سفر کا اختتام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے انعقاد کے ساتھ کیا تھا اور آج اس سفر کا دوبارہ آغاز پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہوا جس کے بعد 2019 کے ایڈیشن کے تمام میچز کراچی میں منعقد ہوئے جس کا کریڈٹ کراچی کے عوام کو جاتا ہے اور آج ہم کراچی میں افتتاحی تقریب کر رہے ہیں۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ہمیں پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی دی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17مارچ2019 کو ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم پورا سال ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہو گا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کردیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہو گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستانی عوام، شائقین کرکٹ، اسپانسرز، کرشل پارٹنرز اور میڈیا پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کھیلوں کا برانڈ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی حکومتوں کی مدد کے بغیر پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ناممکن ہوتا اور میں خصوصی طور پر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی حکومت کا بھی مشکور ہوں۔
احسان مانی نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ آپ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے اور امید ہے کہ ہم اگلے سال پھر آپ کا استقبال کریں گے۔
