پاکستان مشکل ترین معاشی حالات سے باہر آگیا ہے

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات، جدید دور میں میڈیا خصوصاً سوشل میڈیا کے کردار و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈیجیٹل میڈیا سیکٹر میں نوجوان نسل کے لیے موجود مواقع ، درپیش چیلنجز اور انکے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے ملاقات کے دوران نوجوانوں کے لیے کیے حکومتی اقدامات یاد دلائے جن میں آسان قرض اور تربیتی پروگرامز سمیت غربت کے خلاف احساس پروگرام اور غریب عوام کے لیے شیلٹر ہاؤسز کا قیام شامل ہے۔وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1960 کے بعد پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی ہے، اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی۔
وزیر اعظم نے کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی جاری رکھنے کے اپنے عزم کا دوبارہ اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور صلاحیت موجود ہے جسے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے موثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور اب بھی اسی ضمن میں کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کی افزائش و ترقی کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات پر بھی مفصل بات چیت کی گئی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کے مؤثر ترین ذریعے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور سیاسی طور پر باشعور نوجوان تیزی سے ڈیجیٹل میڈیا پر متحرک ہورہے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کو اجاگر کرنے کے لیئ ڈیجیٹل میڈیا کے موثر استعمال کی حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button