پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 829 کیسز

پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد پھر سے بڑھ رہی ہے جبکہ حکام کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد پر زور دیا جارہا ہے۔
ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185 ہے جس میں سے 3 لاکھ 39 ہزار 810 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 86 فیصد ہے جبکہ 7 ہزار 985 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔ کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 829 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 43 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے، تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ 2 ہزار 257 مریض صحتیاب بھی ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 47 ہزار 390 تک جاپہنچی۔ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ آج 29 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 389 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 595 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 14 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 911 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 613 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 511 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 2 ہزار 979 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 273 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 46 ہزار 877 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 359 تک جا پہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 101 ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک کا اضافہ ہوا اور اموات کی تعداد 166 تک پہنچ گئی. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 355 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہزار 782ہوگئی۔ دارالحکومت میں کرونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 309 ہوگئیں۔ کرونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا کے 126 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 682 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 163 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں وبا کے 18نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 637 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کرونا وائرس سے کسی فرد کی موت نہیں ہوئی جس کے بعد اموات 97 پر برقرار ہیں. پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2ہزار 257 افراد شفایاب ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 810 ہوگئی۔
