پاکستان نے بیڈ منٹن ویمنز ڈبل یونیفائڈ میں گولڈ میڈل جیت لیا

برلن میں جاری 16 ویں اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کے بیڈ منٹن ویمنز ڈبل یونیفائڈ کے مقابلوں میں پاکستان کی فائزہ ناصر اور ناہین خان نے گولڈ میڈل جیت لیا۔برلن میں کھیلے گئے بیڈمنٹن ایونٹ میں پاکستانی پلیئرز نے ازبکستان کے خلاف 5-21 اور 17-21 پوائنٹس سے، ملائیشیا کو 14-21 اور 6-21 سے اور کرگس ریپبلک کے خلاف 12-21 اور 13-21 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
اس موقع پر فائزہ ناصر اور ناہین خان کاکہنا تھا کہ ہم بہت خوش ہیں ہماری محنت رنگ لائی اور اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے، ہماری کامیابی میں ہمارے کوچز نے اہم کردار ادا کیا اور ہم اپنی اس کامیابی کے سلسلے کو آئندہ ایونٹس میں بھی برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
علاوہ ازیں بیڈ منٹن کے مینز یونیفائڈڈبل ایونٹ میں پاکستان کے نوشیوان عارف راجہ اور طلحہ آصف نے پیراگوئے کے خلاف 18-21 اور 12-21 سے اور مکاؤ سے 12-21 اور 16-21 سے کامیابی حاصل کرکے سلورمیڈل جیت لیا۔
ہانگ کانگ کیخلاف پاکستان کو 16-21 اور 18-21 کے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
