پاکستان کے 12ویں عام انتخابات کے متعلق ہم کیا جانتے ہیں؟

پاکستان کے تقریباً 13 کروڑ رجسٹر ووٹر پارلیمان کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی) اور چار صوبائی اسمبلیوں میں اپنے نمائندوں کو براہ راست منتخب کرنے کے لیے حق رائے دہی استعمال کررہےہیں۔
ملک میں 12 ویں عام انتخابات کروانے کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو ئی اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔
پاکستان کی تقریباً 25 کروڑ کی آبادی میں نصف سے زیادہ شہری (12 کروڑ، 85 لاکھ 85 ہزار) ووٹروں کی حیثیت سے رجسٹر ہیں، اور آج جماعتی بنیادوں پر ہونے والے انتخابات میں اپنی مرضی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پانچ فروری کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ آٹھ فروری کے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپوا کر اسی شام تک ملک بھر میں قائم پولنگ سٹیشنوں تک پہنچا دیے گئے۔انتخابات میں قومی اسمبلی کی 266 اور چار صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 571 نشستوں پر مقابلہ ہو رہا ہے۔
براہ راست ووٹنگ کے ذریعے پُر ہونے والی ان نشستوں کے علاوہ قومی اسمبلی کی 70 مخصوص نشستیں (60 خواتین اور 10 غیر مسلموں کے لیے) بعدازاں نو منتخب ایوان میں ہر پارٹی کے اراکین کی تعداد کے مطابق الاٹ کی جاتی ہیں۔شام پانچ بجے پولنگ کے اختتام کے بعد ہر پولنگ سٹیشن میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو گی اور تقریباً اسی رات نو بجے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
تاہم سرکاری اور حتمی نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹنگ ڈے کے بعد 14 روز میں گزٹ نوٹیفیکیشن کے ذریعے جاری کرنے کا پابند ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق آج مجموعی طور پر 18 ہزار امیدوار انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں کئی امیدوار ایک سے زیادہ نشستوں کے لیے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں اور یوں مجموعی نشستیں جن پر مقابلہ ہو رہا ہے کی تعداد 1125 بنتی ہے۔ملک بھر میں مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں تقریباً تین لاکھ پولنگ بوتھ موجود ہیں۔اکثر حلقوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کے لیے الگ الگ پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں لیکن کچھ مشترکہ سٹیشن بھی ہیں۔ تاہم پولنگ بوتھ مرد اور خواتین کے لیے ہر جگہ الگ الگ ہیں۔
پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے علاوہ کئی دوسری پارٹیوں نے بھی آج کے انتخابات کے لیے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔

Back to top button