پرویز الٰہی سے کوئی اختلاف نہیں،صدر آزاد کشمیر کی ملاقات

مسلم لیگ ق کے سربراہ وسابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہےپرویز الہیٰ سے کوئی اختلاف نہیں، روز ملاقات ہوتی ہے، نماز عید ساتھ پڑھیں گے۔

اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی۔ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود نے چوہدری شجاعت سے خیریت دریافت کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کاکہنا تھا میرے اور پرویز الہیٰ کے درمیان اختلافات نہیں ہیں البتہ نظریاتی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، باپ بیٹے میں بھی نظریاتی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت میں نہیں بدلنا چاہیے، نئی نسل کے خیالات کا احترام کرنا چاہیے،پرویز الہیٰ سےروز ملاقات ہوتی ہے، نماز عید ساتھ پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا اس وقت ہماری سیاست میں عجیب صورت حال ہے، آئے روز ویڈیو چلائی جاتی ہیں، بیرون ملک دنیا ہماری سیاست کو کیسے دیکھتی ہوگی۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ میرا سلطان محمود سے پرانا تعلق ہے، کشمیر کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ ق لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، کیا میں نے اور پرویز الٰہیٰ نے کبھی ایک دوسرے کے خلاف کوئی بیان دیا ہے۔

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت دور اندیش آدمی ہیں، کشمیر کے مسائل پر ان سے رہنمائی لیتا ہوں۔

انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے جو اقدامات اٹھائے گئے اس حوالے سے بھی شجاعت حسین سے رہنمائی لیتا ہوں، پاکستان میں جب بھی مشکل حالات آئے انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اور چودھری شجاعت اور ان کے والد کی کشمیر اور پاکستان کے لیے قربانیاں ہیں۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹرسلطان محمود نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جو ظلم وبربریت کی جا رہی ہے، یسین ملک کو عمر قید کی سزا دی گئی، کشمیر کی جغرافیائی طور پر تبدیلی ہو رہی ہے آئے روز وہاں نوجوانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔

Back to top button