پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد، یوسف گیلانی اور فیصل واوڈا کے منظور

سینیٹ انتخابات کےلیے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد جب کہ یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کےلیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی، امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کوائف کی تصدیق کےلیے ریٹرننگ افسران کو نادرا، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر سمیت تمام متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات کےلیے مقرر ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کےاعتراضات پر گزشتہ روز سماعت مکمل کرکے فیصلہ آج تک کےلیے محفوظ کیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کےاعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنے کےلیے اہل قرار دے دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی 5 سالہ نااہلی ختم ہوچکی جب کہ ان کے مقدمات عدالتوں میں زیر التواء ہیں، زیرالتواء مقدمات پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر نااہلی تاحیات ہے، ان کے خلاف نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں، اس لیے انہیں سینیٹ انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے پرویز رشید پر اہم قومی راز افشاں کرنے، اداروں کے خلاف بات کرنے، پنجاب ہاوَس کے 95 لاکھ روپے کے نادہندہ ہونے اور کاغذات نامزدگی میں جنرل نشست جب کہ بیان حلفی میں ٹیکنوکریٹ کا ذکر ہونے پر کی بنیاد پر اعتراض داخل کیا تھا، ریٹرنگ افسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز رشید کے کاغزات نامزدگی مسترد کردیئے۔
پرویزرشید نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں تنقید کرتا ہوں اس لیے مجھے ایوان سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی، جو تقریر عمران خان سے برداشت نہیں وہ آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل میں جاؤں گا۔ ریٹرننگ افسر نے سندھ سے سینیٹ کی نشست کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں۔ سینیٹ کی جنرل سیٹ کے امیدوار فیصل واوڈا الیکشن کمیشن سندھ پہنچے اور اپنے تائید و تجویز کنندہ کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں گئے تو ان کے خلاف درخواست گزار وکلا بھی اندر جانے لگے مگر الیکشن کمیشن کے عملے اور پولیس نے ان کے ہمراہ موجود غیر متعلقہ افراد کو جانے سے روک دیا اسی پر تلخ کلامی شروع ہوگئی، بحث و مباحثے کے دوران نعرے بازی بھی شروع ہوگئی، اس دوران پولیس کی اضافی نفری بلاکر الیکشن کمیشن کے گیٹ بند کردیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا، صورت حال کچھ دیر میں معمول پر آگئی۔ دوسری جانب پنجاب سے تحریک انصاف کی نیلم ارشاد کے خواتین نشست پر کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے ہیں جب کہ فرحت شہزادی نے اپنے کاغزات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے ، 3 مارچ کو سینیٹ کے الیکشن ہوں گے۔
