پہلے ٹی20 میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کو 154 رنز کا ہدف

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں فتح کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں نوجوان عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنا ئے پویلین لوٹ گئے۔
ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلا بھی نہ تھا کہ پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان جیکب ڈفی نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر محمد رضوان اور محمد حفیظ کو چلتا کردیا۔
اگلے اوور میں اسکاٹ کگلیجن نے پاکستان کو ایک اور نقصان پہنچاتے ہوئے حیدر علی کی بھی وکٹ حاصل کر لی۔شاداب خان اور خوشدل شاہ نے اسکور کو 39 تک پہنچایا ہی تھا کہ اش سودھی نے خوشدل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس موقع پر شاداب کا ساتھ دینے عماد وسیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر اسکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کگلیجن نے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلاتے ہوئے عماد کی 19رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔شاداب نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے مشکل وقت میں 32 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 42رنز بنائے لیکن ڈفی نے چوتھی وکٹ حاصل کر کے انہیں بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کا بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس کی بدولت قاومی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب رہی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔
اس سے قبل آکلینڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک اچھی پچ لگ رہی ہے اور ہم اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ سجانا چاہتے ہیں۔انہوں نے قومی ٹیم کی قیادت کو اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہ بابر کی کمی یقیناً محسوس کریں گے لیکن یہ دیگر کے لیے آگے آنے کا بہترین موقع ہے۔
واضح رہے کہ انگوٹھے میں فریکچر کے سبب قومی ٹیم ٹی20 سیریز میں بابر اعظم کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ محمد رضوان کو ترجیح دی گئی ہے۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: شاداب خان(کپتان)، محمد رضوان، عبدالہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔
نیوزی لینڈ: مچل سینٹنر(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشا، مارک چیپ مین، اسکاٹ کگلیجن، اش سودھی، جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکر۔
