پیلے: فٹبال کا بے تاج بادشاہ جسے بھلایا نہ جا سکے گا

برازیل جیسا ملک جہاں نسل پرستی عروج پر ہوتی تھی، وہاں سیاہ فام لیجنڈری فٹبال پلیئر پیلے نے اپنے منفرد کھیل سے لوگوں کے دلوں میں اپنے کھیل کے ذریعے ایسی جگہ بنائی کہ اسے صدیوں تک بھلایا نہیں جا سکے گا۔ فٹبال کی دنیا کے ’دی کنگ‘ اور برازیل کا قومی اثاثہ کہلانے والے پیلے 30 دسمبر 2022 کو 82 سال کی عمر میں زندگی کی جنگ ہار کر دنیا سے رخصت ہوئے۔ پیلے نے اپنے 21 برس کے کیریئر میں 1,363 میچوں میں 1,281 گول کیے، جس میں برازیل کے لیے 92 میچوں میں 77 گول بھی شامل ہیں۔ وہ 1958، 1962 اور 1970 میں تین بار ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کا حصہ تھے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ بھی ہے۔ پیلے سنہ 2000 میں فیفا کے صدی کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔
برازیل کے باسیوں کے لیے پیلے صرف فٹبالر نہیں بلکہ وہ ایک لیجنڈ سے بھی کئی گنا زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فٹبال کی مدد سے اپنے ملک میں سب کو یکجا کر دیا تھا۔ سیاہ فام فٹبالر ہونے کے باوجود انہوں نے جو مقام لوگوں کے دل میں اپنے لیے پیدا کیا تھا اس نے کافی حد تک برازیل میں نسل پرستی کے رجحان کو کم کیا تھا۔ پیلے کی حب الوطنی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں دنیا بھر کے بڑے کلبز سے معاہدوں کی پیش کش ہوئی لیکن انہوں نے کم آمدنی ہونے کے باوجود زندگی بھر برازیلی کلب سانتوس سے کھیلا۔ ایک غریب ملک ہونے کے باوجود برازیل میں فٹبال کا جنون عروج پر ہے اور اس جنون کو لوگوں میں پیدا کرنے میں سب سے اہم کردار پیلے کا ہے۔ اپنے کیریئر میں وہ غریب بچوں میں فٹبال کے جنون کے فروغ کے لیے کافی سرگرم بھی رہے۔ پیلے نے سیاست کی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ برازیل میں آمریت کے دور میں پیلے متعدد بار زیرِ تفتیش آئے۔ جب 90 کی دہائی میں انہوں نے کھیل کی وزارت سنبھالی تو وہ متعدد اصلاحات لے کر آئے لیکن پھر بدعنوانی سے تنگ آکر انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
برازیل کی ٹیم میں 10 نمبر کی جرسی پہننے والے پیلے کی جگہ کوئی نہیں لے پایا۔ برازیل ایک ایسا ملک ہے جہاں سے فٹبال کے بڑے بڑے ناموں نے دنیا میں اپنے کھیل کا لوہا منوایا۔ 10 نمبر کی شرٹ پہننے والے ان بہترین کھلاڑیوں میں رونالڈینیو، کاکا اور نیمار کے نام نمایاں ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی فٹبال میں اپنی الگ جگہ ضرور ہے مگر 10 نمبر کی شرٹ میں پیلے نے جو کھیل پیش کیا وہ کھیل دنیا کا کوئی کھلاڑی پیش نہیں کرپایا۔ فٹبال کی دنیا میں جیسا شاندار کیریئر پیلے کا تھا اب تک کسی کھلاڑی کو اتنا شاندار کیریئر نصیب نہیں ہوا۔ وہ تین بار عالمی کپ کی ٹرافی اٹھانے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب کبھی بھی فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں کی بحث چِھڑتی ہے تو پیلے کا نام اس فہرست میں سب سے اوپر ہوتا ہے اور جن کا موازنا کوئی دوسرا فٹبالر نہیں کرسکتا۔ پیلے نے کلب اور برازیل کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے 812 میچوں میں سب سے زیادہ 757 گولز سکور کیے تھے۔ یہ ریکارڈ دہائیوں تک ان کے نام رہا مگر پھر وہ کرسٹیانو رونالڈو نے یہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ پیلے برازیل کے لیے 77 گولز کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔
پیلے نے عالمی کپ میں برازیل کے لیے 12 گولز اسکور کیے۔ کسی بھی برازیلی کھلاڑی نے آج تک عالمی کپ میں اتنے گولز اسکور نہیں کیے ہیں۔ عالمی کپ کے فائنل میں گول اسکور کرنے والے وہ 17 سال کے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔ پیلے نے ایک عالمی کپ میں 6 اسسٹ کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا جو آج بھی کوئی کھلاڑی توڑ نہیں سکا۔ 92 ہیٹ ٹرکس کے ساتھ پیلے دنیا میں سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ برازیلی کلب سانتوس سے کھیلتے ہوئے پیلے نے 1366 میچوں میں 1281 گولز سکور کیے۔ پیلے 23 اکتوبر 1940ء کو برازیل میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے برتھ سرٹیفیکٹ میں ان کی تاریخِ پیدائش کچھ اور درج ہے جس کے حوالے سے پیلے نے کہا کہ برازیل میں ان چیزوں پر توجہ نہیں دی جاتی۔
پیلے کا اصل نام ایڈسن تھا۔ پیلے کہتے تھے کہ ان کا نام بلب کے بانی تھامس ایڈیسن کے نام پر رکھا گیا کیونکہ ان کے گھر بجلی ان کی پیدائش سے کچھ دن پہلے آئی تھی۔فٹبال کا شوق انہیں اپنے والد سے وراثت میں ملا لیکن فٹبال خریدنے کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی جرابوں کو گول شکل دے کر اس کے ساتھ کھیلا کرتے تھے۔انہیں سکول کے دور میں ان کے دوست پیلے کے نام سے پکارا کرتے تھے البتہ پیلے کو یہ نام بچوں جیسا لگتا تھا۔ 15 سال کی عمر میں ہی بہترین کھیل کے باعث برازیلی کلب سانتوس نے ان سے معاہدہ کرلیا جبکہ 10 ماہ بعد ہی انہیں برازیل کی فٹبال ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
