پیمرا کا فیض آباد دھرنا فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کا فیصلہ

آئی بی اور شیخ رشید کےوکیل کے بعد پیمرا نے بھی فیض آباد دھرنا فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ۔ پیمرا کی جانب سے درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کر دی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پیمرا نظر ثانی درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتا۔ فیض آباد دھرنا فیصلے کے خلاف نظر ثانی زیر التواء ہیں، سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست پر 28 ستمبر کو سماعت مقرر ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ پیمرا کی متفرق درخوست منظور کی جائے اور فیصلے کے خلاف نظر ثانی واپس لینے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے بھی سپریم کورٹ سے نظرثانی درخواست واپس لینے کی اجازت مانگی تھی۔
آئی بی نے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فیض آباد دھرنا نظر ثانی 28 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہے، آئی بی نظرثانی درخواست کا دفاع نہیں کرنا چاہتی، ہم اپنی نظرثانی درخواست واپس لینے چاہتے ہیں۔
