پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان عہدے سے مستعفی

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وسیم خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ، بورڈ آف گورنرز (بی او جی) آج اس حوالے سے معاملات کا جائزہ لے گا ۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے محض چند ہفتے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بائیوسیکیور ببلز کو استعفیٰ دینے کی وجہ بتایا تھا جبکہ سابق بائولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ مصباح کے منصوبے جاننے کے بعد ان کے لیے آسان اور سیدھا فیصلہ تھا۔دونوں سابق کھلاڑیوں کا ستمبر 2019 میں تقرر کیا گیا تھا اور ان کے معاہدوں کی ایک سال کی مدت باقی تھی۔
یاد رہے کہ پی سی بی کی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ معاہدے کی مدت اگلے سال فروری میں مکمل ہونا تھی۔چند ہفتے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے سابق چیئرمین احسان مانی کے مقرر کردہ عہدیداران پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے کرکٹ منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
یہ بات بھی سامنے آئی کہ وسیم خان کی مدت پوری ہونے کے بعد رمیز راجہ کوئی نیا سی ای او مقرر نہیں کریں گے بلکہ ان اختیارات سے بھی لطف اندوز ہونے کو ترجیح دیں گے اور فروری 2022 تک وسیم خان کو احسان مانی کی جانب سے دیے گئے اختیارات کو کس طرح کنٹرول کریں گے۔
