چاند پر اترنے سے قبل چندریان 3 نے مزید تصاویر جاری کر دیں

بھارت کے خلائی ادارے اسرو کی جانب سے چاند کے تاریک حصے کی نئی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔یہ تصاویر چاند کے قطب جنوبی میں اترنے کے لیے بھیجے گئے چندریان 3 مشن نے کھینچی تھیں۔یہ مشن 23 اگست کو چاند کی سطح پر اترنے کی کوشش کرے گا۔
یہ نئی تصاویر اس وقت جاری کی گئی ہیں جب روس کا اسپیس کرافٹ لونا 25 تکنیکی مسائل کے باعث چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ بھارت اور روس کے درمیان چاند کے قطب جنوبی میں سب سے پہلے مشن اتارنے کا مقابلہ ہو رہا تھا، جس میں روسی اسپیس کرافٹ کو ناکامی کا سامنا ہوا۔
اسرو کی جانب سے لونا 25 مشن کی ناکامی کے بعد 21 اگست کو تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چندریان 3 مشن 23 اگست کو چاند پر اترنے کے لیے تیار ہے۔
