آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں بھی سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ

پاکستان نے مالی سال 2022-23 کے بارہ مہینوں کے دوران مختلف ممالک میں مختلف انفارمیشن ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرکے 2,605.340 ملین ڈالر آمدن حاصل کی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021-22 کی اسی مدت کے دوران خدمات کی فراہمی کے ذریعے کمائے گئے 2,619.100 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں یہ 0.53 فیصد کی معمولی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا جون (23-2022) کے دوران کمپیوٹر سروسز کی برآمدات میں 0.08 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ یہ گزشتہ مالی سال کے 2,109.370 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2,110.990 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
کمپیوٹر سروسز ،سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز کی برآمدات میں 4.36 فیصد کی کمی دیکھی گئی، جو کہ 795.464 ملین ڈالر سے 760.780 ملین ڈالر تک گر گئی جبکہ ہارڈویئر کنسلٹنسی سروسز کی برآمدات 87.97 فیصد اضافے کے ساتھ، 2.918 ملین ڈالر سے بڑھ کر 5.485 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
کمپیوٹر سافٹ ویئر سے متعلق خدمات کی برآمدات اور درآمدات میں بھی 5.58 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 566.393 ملین ڈالر سے بڑھ کر 598.020 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ مرمت اور دیکھ بھال کی خدمات کی برآمدات 1.446 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2.855 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
