چودھری فواد سے ملنے والا صحافیوں کا وفد جعلی قرار

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے حکومت کے پی ایف یوجے قیادت سے مذاکرات کی جعلی خبروں کی تردید جبکہ سرکاری اور نجی میڈیاپرخود ساختہ صحافی تنظیموں کی آڑ میں پی ایف یوجے کے نام سے جھوٹی خبریں پھیلانے کی مذمت کی ہے۔
پی ایف یو جے قائدین نے وفاقی حکومت بالخصوص وزیر اطلاعات کومتنبہ کیا ہے کہ خود ساختہ اور غیر نمائندہ تنظیموں کی حمایت کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سے منسوب کرنے اور صحافی تنظیموں میں پھوٹ ڈالنے جیسے غیر جمہوری اقدامات سے باز رہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے نیوزچینل نے گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران کی ملاقات اور پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرمشاورت کی خبریں آن ایئر کیں، جس پر پی ایف یوجے قیادت نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی اس حرکت کو بھونڈی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی،مزید واضح کیا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرچکی اور اس حوالہ سے آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والے فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں بڑے فیصلے ہونے جا رہے ہیں، جنہیں سبوتاژ کرنے کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ایف یو جے کی حمایت حاصل کرنے کی جھوٹی خبریں پھیلا کر بھی وفاقی وزیر اطلاعات مذموم مقاصدکی تکمیل نہیں کر پائیں گے، آزادی صحافت اور اظہار رائے پر قدغن لگانے میں پی ایف یوجے ہمیشہ رکاوٹ رہی ہے، اور آئندہ بھی ایسے کسی حکومتی اقدام کو قبول نہیں کرے گی جو میڈیاکارکنان کے بنیادی حقوق کو پامال کرے یا آزادی صحافت پر روک لگائے۔ انہوں نے کہاکہ سول ڈکٹیٹرشپ اورصحافت پر کالے قانون تھوپنے میں ناکامی پر وفاقی حکومت اخلاقی اقدارتک بھول چکی ہے نتیجتاً جھوٹی خبریں پھیلانے کی سب سے بڑی مثال وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے قائم کی ہے،جس میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران کی ملاقات اور پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرمشاورت کی خبریں سرکاری ٹیلی ویژن پر چلائی گئیں۔
صدر اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے نے خود ساختہ اور وزارت اطلاعات کی ایماء پر پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تائید کرنے والی نام نہاد صحافی تنظیموں کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سے منسوب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش اورپاکستان کی واحد صحافتی نمائندہ تنظیم میں پھوٹ ڈالنے کی ایک چال ہے، جس کے تانے بانے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بنے ہیں۔تاہم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس متعلقہ میڈیا ورکرز تنظیموں، سول سوسائٹی، بارکونسلز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، اورپاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام اورغیر آئینی قوانین کے نفاذ سمیت ہر اس اقدام کے خلاف مزاحمت کرے گی جو آزادی اظہار پر قدغن لگانے میں مددگار ہو گا۔ قائدین نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پی ایف یو جے آزادی صحافت اور میڈیاکارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے مقصد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

Back to top button