ڈی آئی خان میں پولیس وین کے قریب دھماکہ، ایک اہلکار شہید

صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب بم دھماکہ، دھماکے سے ہیڈ کانسٹیبل شہید جب کہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) واحد محمود نے بتایا کہ کلاچی کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا صبح تقریباً 7 بجکر 50 منٹ کے قریب ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں جس پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا وہ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 2 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کےلیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مطابق واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دھماکے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار کی شہادت پر انتہائی دکھ ہے، ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
