کترینہ کی شادی پر سلمان خان کے لیے اظہار ہمدردی


بالآخر کترینہ کیف کی وکی کوشل سے شادی ہوجانے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین ان کے سابق بوائے فرینڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کچھ اور صارف سلمان کی میمز بناکر ان کے زخموں پر نمک پاشی کرتے نظر آتے ہیں۔ یاد رہے کہ کئی مہینوں کی افواہوں کے بعد 9 دسمبر 2021 کی رات کترینہ اور وکی کی شادی راجستھان کے شہر جے پور کے مشہور سکس سینسز فورٹ ہوٹل میں انجام پائی۔

کترینہ اور وکی کے رشتہ ازدواج میں بندھ جانے کا بظاہر سب سے زیادہ لطف سوشل میڈیا صارفین اٹھا رہے ہیں اور زیادہ تر کا نشانہ سلمان خان ہیں جو کہ پچھلے 15 برس سے کترینہ کے بوائے فرینڈ تھے۔ سلمان خان کی کترینہ کے لیے پسندیدگی ایک عرصے تک میڈیا میں زیرِ بحث رہی ہے اور کئی مواقع پر یہ بھی کہا جاتا کہ بس اب تو شادی ہو گی ہی۔ ایسا ہی کچھ رنبیر کپور اور کترینہ کیف کے بارے میں بھی کہا جاتا رہا، لیکن معاملہ یہاں تک کبھی نہیں پہنچا جہاں کترینہ اور وکی نے پہنچا دیا، یعنی شادی تک۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کی شادی والی رات بالی ووڈ ڈول کے 15 برس تک بوائے فرینڈ رہنے والے سلمان خان اپنی اگلی فلم کی پروموشن کے لیے سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے پرواز کر گئے۔ سلمان خود تو شادی میں شریک نہیں ہوئے لیکن ان کے وفادار محافظ شیرہ نے راجہ مان سنگھ کے راجھستانی قلعے کی سیکیورٹی کا نظام سنبھالا ہوا تھا جہاں شادی ہوئی۔

بتایا گیا یے کہ جس قلعے میں کترینہ کی شادی ہوئی اس کے ارد گرد تمام چھوٹے بڑے ہوٹل ایڈوانس میں بُک تھے جہاں قلعے کے سکیورٹی گارڈز اور باؤنسرز کو ٹھہرایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ راجستھان پولیس نے بھی سو سے زیادہ باؤنسرز کی خدمات حاصل کی ہوئی تھیں۔ دولہا اور دلہن کے لیے راجھستانی محل میں خصوصی کمرے لیے گیے تھے۔ کترینہ کو رانی پدماوتی کے مخصوص کمرے میں جبکہ وکی کو راجا مان سنگھ کے کمرے میں ٹھہرایا گیا تھا لیکن سہاگ رات کے لئے ایک تیسرا کمرہ تیار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ محل کے ایک کمرے کا ایک رات کا کرایہ سات لاکھ روپے ہے جو پاکستانی روپوں میں 10 لاکھ بن جاتا ہے۔ یہ محل جے پور انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ڈھائی گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے۔ شادی میں صرف 120 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں کرن جوہر، فرح خان، نیہا دھوپیا، ان کے شوہر انگد بیدی کبیر خان اور ان کی بیگم منی ماتھر اور گرداس مان شامل تھے۔

بتایا جا رہا ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے ہنی مون کے لئے مالدیپ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کترینہ کے دونوں سابقہ بوائے فرینڈ یعنی سلمان خان اور رنبیر کپور شادی کی تقریب میں موجود نہیں تھے۔ بھارتی سوشل میڈیا پر کترینہ کی شادی کے حوالے سے میمز بنائی جارہی ہیں۔ ایک میم میں صمیم حسن نے مشہور بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کا وہ منظر شیئر کیا ہے جس میں عامر خان اور اُن کے دوست بن بلائے مہمان بن کر ایک شادی میں چلے جاتے ہیں اور کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ اُنھوں نے لکھا کہ یہ سلمان خان اور رنبیر کپور کی کترینہ کیف کی شادی سے لیک ہونے والی تصویر ہے۔
اس موقع پر کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنھیں سلمان خان کے ساتھ ہونے والی واردات پر اپنی ناکام محبت کا ’دکھ‘ بھی یاد آتا رہا۔ ایک سوشل میڈیا صارف اقرا نے سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں، میں اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

ایک سوشل میڈیا صارف وکی ملہوترہ نے ٹویٹر پر کترینہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا سلمان خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور لکھا: اچھا صلہ دیا تو نے میرے پیار کا۔۔۔۔ ‘اب تو کترینہ کی بھی شادی ہو گئی، بس میں اور سلمان خان ہی کنوارے رہ گئے۔’ ایک اور صارف نے میم شیئر کی جس میں تینوں بھائی سلمان خان، ارباز خان، اور سہیل خان موٹر سائیکل پر بیٹھے کترینہ کی شادی میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ کترینہ نے سلمان کو اپنی شادی میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر شرکت کی دعوت دی تھی لیکن انہوں نے اپنا جہاں اپنا سیکیورٹی گارڈ بھیج دیا۔

تاہم جب کئی سوشل میڈیا صارفین نے شادی میں نہ بلائے جانے پر کترینہ کے سابق بوائے فرینڈز سلمان خان اور رنبیر کپور کی ٹرولنگ کی تو منیشا مکھرجی نامی صارف نے لکھا کہ سارے رشتے بوائے فرینڈ اور گرل فرینڈ والے نہیں ہوتے۔ دنیا میں دوستی کا رشتہ سب سے مضبوط ہوتا ہے اور سلمان اور رنبیر کترینہ کے بہترین دوست ہیں چنانچہ اب وقت ہے کہ لوگ اپنی فضولیات بند کر دیں۔

یاد رہے کہ اس شادی کے بارے میں بے حد رازداری برتی گئی تھی اور شوبز انڈسٹری کی صرف فنی چنی شخصیات اس میں شریک ہوئیں، تاہم ان سب کو شادی کے فنکشن میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی چونکہ کترینہ اور وکی نے اپنی شادی کے براڈکاسٹنگ حقوق پرائم نامی سٹریمنگ کمپنی کو 800 کروڑ روپے میں بیچ دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے چین کی خاطر امریکہ کو مزید ناراض کر دیا
دوسری جانب بالی ووڈ کے نئے جوڑے نے انسٹاگرام میں اپنی نئی زندگی کی شروعات کی تصاویر جاری کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ جوڑے نے بھارتی ڈیزائنر سبایاساچی کا تیار کردہ آؤٹ فٹ زیب تن کیا،کترینہ کیف نے سرخ رنگ کا مٹکا سلک سے تیار کردہ برائیڈل لینگا پہنا ہوا تھا، جس کے بارڈر میں خوب صورت سلور اور گولڈن ایمبرائیڈری تھی۔ جیولری بھی سبایاساچی کی ڈیزائن کردہ تھی، اور 22 قیراط خے سونے اور ڈائمنڈ سے تیار کی گئی تھی۔ وکی کی ریشمی شیروانی بھی سبایاساچی کی ڈیزائن کردہ تھی اور اس کے بٹن سونے کےملمع کاری کے ساتھ تیار کیے گے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ کے اسٹار دپیکا پاڈیکون اور رنویر سنگھ نے 2018 میں اپنی شادی کا جوڑا بھی سبایا ساچی سے ہی ڈیزائن کروایا تھا۔

Back to top button