کراچی : اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق

تقریباً 6 ماہ کے تعطل کے بعد اسکولوں میں تعیلی سرگرمیاں بحال ہونے کے پہلے ہی روز کراچی کے ایک نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گر جاں بحق ہوگئی۔
ایس ایچ او گلبرگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عائشہ منزل پر واقع ہیپی پیلس گرامر اسکول کی میں نویں جماعت کی 15 سالہ طالبہ اریبہ آصف سیڑھیوں سے گر گئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے طالبہ کے نجی اسکول کی سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس بات کی مکمل تحقیقات کی جائیں کہ سانحہ کیسے ہوا اور سانحے کے بعد اسکول انتظامیہ نے بچی کو فوری طور پر کیوں اسپتال نہیں پہنچایا۔ صوبائی وزیر کی ہدایات پر ڈائریکٹر پروائیوٹ اسکول نے فوری طور پر ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ منصوب صدیقی نے بتایا کہ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز اسکول پہنچ گئے ہیں اور سانحہ کے حوالے سے تمام حقائق کی تحقیقات کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث تقریباً 6 ماہ کی طویل بندش کے بعد کراچی سمیت ملک بھر میں آج چند جماعتوں کےلیے اسکول اور کالجز کھولے گئے تھے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے 15 ستمبر سے 9ویں اور دسویں جماعتوں کے اسکول اور دیگر جماعتوں کےلیے اعلیٰ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسرےمرحلے میں 6 سے 8ویں جماعت کے لیے 23 ستمبر سے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی جب کہ پرائمری میں زیر تعلیم طالبعلموں کو 30 ستمبر سے اسکول بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
