کراچی: آتشزدگی سے200 سےزائد جھونپڑیاں جل گئیں

کراچی میں تين ہٹی ندی کے قریب جھگیوں میں خوفناک آگ بھڑکنے سے 200سےزائد جھگیاں جل گئیں۔ فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔
آتشزدگی کے باعث 200 جھگیاں اور ان میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا جب کہ 450 سے 500 افراد متاثر ہوئے، تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں۔
آگ لگتے ہی جھگیوں کے مکینوں میں چیخ و پکار مچ گئی جب کہ خواتین چھوٹے بچوں کو سینے سے لگائے جان بچانے کےلیے محفوظ مقام کی جانب دوڑتی ہوئی دکھائی دیں۔ دیگر مکین جھگیوں سے قیمتی سامان نکالنے کی کوششیں کرتے رہے تاہم جان بچانے کےلیے انہیں بھی اپنا سامان چھوڑ کر وہاں سے ہٹنا پڑا۔
جھگیوں کے مکین اپنا مال اسباب جلتا دیکھ کر زارو قطار روتے رہے جب کہ خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ آگ نے ہمارے سروں سے چھت چھین لی اب اس سرد موسم میں اپنے بال بچوں کے ساتھ کہاں جائیں۔
