کراچی میں سرد ترین دن سے نئے سال کا آغاز

کراچی میں نئے سال کا آغاز سردی کی شدید لہر کے ساتھ ہوا ہے اور بدھ کو شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں گزشتہ دنوں سے پڑنے والی سردی مزید شدت اختیار کر گئی اور نئے سال کے آغاز کے موقع پر درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی تک محسوس کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو کراچی میں موسم سرما کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سردی کی موجودہ لہر مزید دو دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 8ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گر سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ مغرب سے سائبیرین ہوائیں 30سے35 کلومیٹر فی گھنٹی کی رفتار سے چل رہی ہیں جس سے دن میں بھی درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عموماً کراچی میں موسم سرما کے دوران دن میں درجہ حرارت 24 سے 25ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے۔انہوں نے پیشن گوئی کی کہ 4سے6جنوری تک تیز ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان منتقل ہو جائے گا جس سے درجہ حرارت میں تھوڑی بہتری آئے گی لیکن 7جنوری کے بعد درجہ حرارت پھر گر جائے گا جس سے سردی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں توقع سے زیادہ زیادہ سردی پڑ رہی ہے اور اسکردو میں رات کو درجہ حرارت منفی 18ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button