کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی.
151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے لاہور کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاٹ کھیلتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ہی اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔کراچی نے مطلوبہ ہدف اننگز کے 17ویں اوور میں حاصل کیا۔شرجیل خان نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں میں 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں کراچی کی دعوت پر لاہور نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے اوپنرز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے 49 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کرس لِن نے سہیل اختر کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 72 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی 5 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔لاہور کے جارح مزاج بلے باز بین ڈَنک بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 9 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سہیل اختر نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار 68 رنز اسکور کیے جس کے بعد ارشد اقبال نے انہیں ایل بھی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
لاہور کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑے سَمیت پٹیل تھے جو 133 کے مجموعے پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔جارح مزاج بلے بازوں کے وقفے وقفے سے آؤٹ ہونے کے باعث لاہور زیادہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔محمد حفیظ 35 اور ڈیوڈ ویزے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2، 2 جبکہ کرس جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد کراچی کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عمر خان، عامر یامین اور کیمرون ڈلپورٹ کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے جبکہ ارشد اقبال، عمید آصف اور اسامہ میر کراچی کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔لاہور کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے۔
لاہور قلندرز نے اپنے گزشتہ چاروں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے کامیابی حاصل کی تھی۔لاہور قلندرز اپنے 8 میچز میں سے 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ کراچی 7 میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button