کُرم:فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ،3شہید،2ہلاک

قبائلی علاقے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 3 اہلکار شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 43 سالہ صوبیدار شجاع محمد، 32 سالہ نائیک محمد رمضان اور 30 سالہ سپاہی عبدالرحمان بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کا کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

ددسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی۔

وزیر اعظم آفس  سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

Back to top button