کرونامیں شدت، شدید متاثرہ ممالک سے آمدورفت پر پابندی عائد

ملک میں کرونا سے مزید 44 افراد ہلاک ہو گئے اور 3667 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41960 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3667 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 44 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13843 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 26802 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 31107 ہے۔این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.7 فیصد رہی۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2092 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 81852 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 263058 ہو گئی ہے جب کہ 4479 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 197177 ہے اور 5974 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19327 اور ہلاکتیں 203 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 79245 اور 2208 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 11609 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 333 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4972 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 51414 ہے اور اب تک 543 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
دوسری طرف کرونا سے شدید متاثر ملکوں سے مسافروں کے پاکستان آنے پرپابندی لگا دی گئی ہے۔کورونا ایس اوپیز کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہےجس کا اطلاق 23 مارچ سے 5 اپریل تک ہو گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل ملکوں ( جن میں برازیل، کولمبیا، پیرو، گانا، تنزانیہ اور زمبیا سمیت دیگر شامل ہیں) کے مسافروں پر پاکستان کے سفر پر پابندی ہو گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں شامل 20 ملکوں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ ہوگا، کیٹیگری اے میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، میانمار، نیوزی لینڈ، سنگاپور، سعودی عرب اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کیٹیگری بی میں شامل ملکوں کے مسافروں کے لیے پاکستان آنے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کو کیٹیگری سی سے نکال کر کیٹیگری بی میں شامل کر دیا گیا ہے جبکہ اس فہرست میں دیگر ممالک اب بھی شامل ہیں۔
