کرونا کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرزکے لیے خوشخبری

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کہا ہے کہ ملک میں موجود تمام ڈاکٹرز اور وبائی امراض کے ماہرین کو 10 سال کا ویزا دیا جائے گا، جو کرونا وائرس کی وبا سے لڑنے میں مدد کررہے ہیں۔
خلیجی ممالک کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی غیر ملکیوں کے طویل مدتی رہائش حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ عموماً انہیں موجودہ ملازمت کے حساب سے صرف محدود رہائشی ویزے دیے جاتے ہیں۔ تاہم دولت مند کاروباری حضرات اور انتہائی ہنر مند مزدوروں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال ‘گولڈن’ 10 برس کا ویزا پروگرام متعارف کرایا تھا جس میں اب توسیع کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بتایا کہ ڈاکٹریٹ ڈگری رکھنے والے، میڈیکل ڈاکٹرز، کمپیوٹر، الیکٹرانکس، پروگرامنگ، الیکٹریکل اور بائیوٹیکنالوجی انجینئرز اس پراگرام کے لیے اہل ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف شروعات ہے، ہم مستقبل کی ترقی کے لیے باصلاحیت افراد کو اپنانے کے خواہشمند ہیں۔ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم دبئی کے فرمانروا بھی ہیں جس کی معیشت خلیج میں ایک اہم حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تسلیم شدہ جامعات کے طلبہ، جنہوں نے بہت اچھے گریڈز حاصل کیے ہوں، وہ بھی اس کے اہل ہوسکتے ہیں جبکہ جو لوگ آرٹیفشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت)، بگ ڈیٹا (بڑے ڈیٹا) اور وبائی امراض کا علم رکھنے والے (ایپیڈیمولوجی) میں اسپیشلائز ڈگری رکھتے ہوں، وہ بھی اس پروگرام کو حاصل کرسکتے ہیں۔
