کرونا کیسز میں اضافہ، لاہور کے 15 علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ

کرونا کیسز میں اضا فے پر لاہور کے 15 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق سمارٹ لاک ڈاون 7 مئی تک نافذ رہے گا۔ علامہ اقبال ٹاون، عزیز بھٹی، داتا گنج بخش، گلبرگ ٹاون اور لاہور کینٹ میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔ شہریوں کے ان علاقوں میں داخلے پر بھی پابندی ہو گی۔ سماجی و مذہبی تقریبات کا انعقاد بھی ممنوع ہو گا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں نافذ لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک تو سیع کر دی گئی ہے۔کورونا ایس او پیز کے تحت پنجاب میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہو گی۔ مزید برآں لاک ڈاؤن کے دوران تفریحی پارکس، سینما ہالز ، اسپورٹس ایونٹس، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ادھر عالمی وبا کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث ضلع لوئر دیرکے بھی 9 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
