کرینہ اور سیف کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش

بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ کرینہ کپور اور چھوٹے نواب سیف علی خان ایک اور بیٹے کے والدین بن گئے۔
دونوں کے ہاں 21 فروری کو صبح ساڑھے 8 بجے بیٹے کی پیدائش ہوئی اور تیمور علی خان بڑے بھائی بن گئے۔ کرینہ کپور گزشتہ روز شام ساڑھے 5 بجے کے قریب برج کینڈی اسپتال میں داخل ہوئی تھیں جہاں ان کے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ بالی ووڈ جوڑی کی جانب سے اب تک بچے کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کی ہے۔ کرینہ کپور کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی تصدیق ان کے والد رندھیر کپور نے کی۔ رندھیر کپور نے بتایا کہ کرینہ کپور نے آج صبح بیٹے کو جنم دیا۔ رندھیر کپور نے کہا کہ ہم بہت زیادہ خوش ہیں، ماں اور بچہ دونوں ٹھیک ہیں اور ہم برج کینڈی اسپتال میں ہیں۔ گزشتہ برس اگست میں کرینہ کپور کے اُمید سے ہونے کی خبریں پھیلی تھیں جب وہ بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔ بعدازاں 12 اگست 2020 کو کرینہ کپور اور سیف علی خان نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں تصدیق کی تھی کہ تیمور خان بڑے بھائی بننے والے ہیں۔ اداکار جوڑے نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔ دوسرے بچے کی آمد سے قبل سیف علی خان اور کرینہ ایک بڑے گھر میں منتقل ہوگئے تھے جہاں لائبریری، خوبصورت ٹیرس، سوئمنگ، نئے بچے کےلیے خصوصی نرسری جب کہ تیمور علی خان کےلیے اپنی ایک جگہ موجود ہے۔
خیال رہے کہ بولی وڈ جوڑی کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش سے قبل ایک نجومی جگن ناتھ گرو جی نے پیش گوئی کی تھی کہ کرینہ کپور کے گھر ننھی پری کی آمد ہوگی۔ حمل کے دوران کرینہ کپور کافی زیادہ فعال رہی ہیں، انہوں نے عامر خان کے ساتھ آنے والی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ میں اپنے حصے کی شوٹنگ بھی دہلی میں مکمل کروالی تھی۔لاک ڈاؤن کے دوران کرینہ کپور نے کئی کمرشلز کی شوٹنگ بھی کی اور اس سلسلے میں کئی بار اپنے گھر کو سیٹس میں بھی تبدیل کیا۔ بعدازاں کرینہ کپور نے اپنے کام سے چھٹی لے لی تھی جب کہ سیف علی خان اپنی آنے والی فلم ‘فون بھوت’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اس کے علاوہ کرینہ کپور، کرن جوہر کی فلم ‘تخت’ میں بھی دکھائی دیں گی جب کہ سیف علی خان ‘آدھی پرش’، ‘بھوت پولیس’ اور ‘بنٹی اور ببلی 2’ میں نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 20 دسمبر 2016 کو پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
