کورونا وائرس:PCB کا PSL سے متعلق حکومتی تجویز پر عمل کرنے اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) سے متعلق حکومتی تجویز پر عمل کریں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر میں عوامی اجتماعات اور پی ایس ایل طرز کے ایونٹ پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی ہے، کراچی میں ابھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) کے پانچ میچز ہونا باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت سے شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہوگی اس پر پی سی بی مکمل عملدرآمد کرے گا۔
پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے ڈاکٹر خان آج کراچی پہنچیں گے مگر فی الحال میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔
