فواد اور صنم سعید پھر سے ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

معروف ٹی وی ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ کی جوڑی اداکار فواد خان اور صنم سعید جلد ہی کئی سال بعد ایک بار پھر رومانس کرتے دکھائی دیں گے لیکن اس بار دونوں ٹی وی کے بجائے بڑے پردے پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔
مقبول ترین جوڑی اب معروف ہدایت کار حسیب حسن کی فلم ’آن‘ میں نظر آئے گی، دیگر کاسٹ میں زارا نور عباس، جاوید شیخ، نوید شہزاد، نیر اعجاز، اور نعیم طاہر بھی شامل ہیں۔
فلم ’آن‘ کا اسکرپٹ معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کیا ہے جب کہ فلم کی ہدایت کاری حسیب حسن کریں گے۔
حسیب حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل ’الف‘ بھی عمیرہ احمد نے ہی لکھا تھا اور اب امید کی جارہی ہے کہ ان دونوں کی فلم ’آن‘ بھی خوب مقبول ہوگی۔
فلم ’آن‘ کے حوالے سے ہدایت کار حسیب حسن کا کہنا تھا کہ یہ فلم ’مزاح ، رومانویت اور جذبات کا مکمل پیکج ہے‘۔
حسیب حسن نے فلم ’آن‘ کا موازنہ اپنی کامیاب ترین فلم ’پرواز ہے جنون‘ سے کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پروجیکٹ پرواز ہے جنون سے کئی گنا زیادہ طاقت ور ہے‘۔
واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی جوڑی کو 2012 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں سراہا گیا تھا اور ان کے کرداروں کو کافی وقت تک یاد رکھا گیا۔
