کورونا کا خوف: مہمانوں کاشادی کی تقریب میں شرکت سے انکار

کورونا وائرس کا خوف ہر جگہ تیزی سے پھیل رہا ہے، اسی خوف کی وجہ سے ایک چینی جوڑے کی شادی میں مہمانوں نے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا، جس پر دولہا دُلہن نے مہمانوں کو ہال میں بلا کر خود براہ راست ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق سنگاپور کا رہائشی چینی جوڑا شادی سے چند روز قبل ہی چین کا دورہ کرکے واپس آیا جس کے بعد دولہا دُلہن نے مہمانوں کو شادی میں شرکت کی دعوت دی تو مہمانوں نے ان کے چین کے دورے کے باعث ان میں کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔ مہمانوں کے انکار پر دولہا دُلہن نے شادی کی تقریب منسوخ کرنے کی بجائے ایک انوکھا حل نکالا اور براہ راست ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی میں شرکت کی۔
شادی کی تقریب میں شرکت کےلیے تمام مہمان شادی ہال پہنچے جہاں دولہا دلہن نے مہمانوں سے دور رہنے کے لیے خود کو ویڈیو کال پر رکھا اور شادی ہال میں اپنی حاضری ویڈیو کال کے ذریعے یقینی بنائی، اس دوران دولہا دُلہن نے شادی کے لباس بھی زیب تن کیے اور ہال میں موجود مہمانوں سے ویڈیو کال کے ذریعے ہی مبارک باد وصول کرتے رہے۔
دولہا دلہن کا تعلق چینی صوبے ہونان سے ہے جس کی سرحد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی صوبے ہوبئی سے ملتی ہے۔ دولہا دلہن حال ہی میں نئے سال کا آغاز پر ہونان میں اپنی فیملی کے ساتھ کرکے سنگاپور واپس لوٹے تھے۔
دولہا کا کہنا تھا کہ جب مہمانوں نے کورونا کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کیا تو انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا جس سے تمام مہمان حیرت زدہ ہوگئے لیکن پھر سب لوگوں نے خوشی خوشی تقریب میں شرکت کی۔
واضح رہےکہ چین کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سنگاپور میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 28 ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button