ہالی وڈ لیجنڈ کرک ڈگلس 103 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف ہالی وڈ اداکار کرک ڈگلس 103 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ کرک ڈگلس آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مائیکل ڈگلس کے والد تھے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکل ڈگلس نے ایک بیان میں اپنے والد کے انتقال کی خبر شیئر کی۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اور میرے بھائی نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کررہے ہیں کہ کرک ڈگلس آج ہمیں چھوڑ کر چلے گئے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘دنیا کےلیے وہ ایک لیجنڈ اور فلموں کے سنہرے دور کے اداکار تھے، لیکن میرے اور میرے بھائیوں جوئیل اور پیٹر کےلیے وہ بس ایک والد تھے’۔


واضح رہے کہ کرک ڈگلس اپنے کیریئر میں اسکرین اور اسٹیج دونوں کے بہترین اداکار ثابت ہوئے۔
کرک ڈگلس 1916 میں نیویارک میں پیدا ہوئے، انہوں نے ہالی وڈ کے سنہرے دور میں کافی شہرت حاصل کی۔ 1949 میں باکسنگ پر مبنی فلم ‘چیمپئن’ کےلیے انہیں پہلی مرتبہ آسکرز ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا۔
6 عشروں پر مبنی اپنے کیریئر میں کرک ڈگلس نے کئی منفرد کردار نبھائے جب کہ 1960 کی فلم ‘اسپارٹاکس’ میں ان کا کردار آج بھی یادگار ہے۔


کرک ڈگلس کی بہو اور مائیکل ڈگلس کی اہلیہ کیتھرین زیٹا جونس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کرک کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی۔ اس تصویر پر انہوں نے اپنے سسر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے ہمیشہ محبت کرتی رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button