کورونا کیسز میں اضافہ: فی الحال اسکول بند نہیں کریں گے

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں معمولی اضافہ ہوا، فی الحال اسکول بند نہیں کریں گے، اسکولوں میں رینڈم سیمپلنگ کی جارہی ہے، کورونا کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے، لیکن صورت حال تشویش ناک نہیں ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں میں کوویڈ19 کے پھیلاؤ پر کڑی نظری رکھی ہوئی ہے۔
کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد اور پھیلاؤ کو جاننے کےلیے یومیہ بنیادوں پر اسکولوں میں رینڈم سپیملنگ کی جا رہی ہے۔ رینڈم سیمپلنگ میں دیکھا گیا ہے کہ اسکولوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے۔ لیکن فی الحال صورت حال خطرناک نہیں ہے۔ اس ساری صورت حال کا روزانہ کی بنیاد پر تجزیہ بھی کیا جاتا ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر ابھی اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اپیل ہے کہ برائے مہربانی کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے ساتھ ہی کورونا کیسز میں بھی اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ حکومت نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کو کنٹرول کرنے اور پھیلاؤ روکنے کےلیے ماسک کو لازمی کردیا ہے۔ جب کہ این سی اوسی نے تمام صوبوں اور مقامی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ کاروباری مقامات پر ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردیے گئے ہیں۔ آج کے کورونا اعداد و شمار دیکھے جائیں تو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 977 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 17 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے جن میں سے 16 افراد اسپتالوں میں اور ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 27 ہزار 665 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 479, پنجاب میں 10 ہزار 114, خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 106, اسلام آباد میں 4 ہزار 271, بلوچستان میں 1 ہزار ایک، گلگت بلتستان میں 380, آزاد کشمیر میں 314 ٹیسٹ شامل ہیں۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 555 ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان, آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا کووڈ۔19 کےلیے مختص 1 ہزار 884 وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19 کے 97 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 12 ہزار 592 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار 970 ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button