کورونا کیسز میں اضافے پر پاکستان سپر لیگ ملتوی

عالمی وبا کورونا وائرس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا۔
اس حوالے سے پی سی بی کے جاری اعلامیہ کے مطابق پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوول اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ لیگ کو 7 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کےلیے اقدامات کرے گا۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد یہ تینوں کھلاڑی 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔ پی سی بی نے بتایا تھا کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کو پی ایس ایل 6 کے میچز میں شرکت نہیں کی تھی اور ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 2 مارچ کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ ایونٹ میں شامل مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تاہم تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے جس میں سے 3 کے نتائج مثبت آئے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں 2 غیرملکی کھلاڑی اور ایک مقامی سپورٹنگ اسٹاف ہے۔ قبل ازیں یکم مارچ کو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ سے قبل یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور اس وجہ سے میچ کو ملتوی کرنا پڑ گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
